خیبر (نورحلیم آفریدی): ممبر صوبائی اسمبلی و ڈیڈک چیئرمین خیبر عبدالغنی آفریدی کی زیرِ صدارت ڈی سی آفس خیبر میں ڈپٹی کمشنر اور تمام متعلقہ لائن ڈیپارٹمنٹس کا مشترکہ اجلاس ہوا، جس میں خواتین کی صحت، بالخصوص سرویکل، بچہ دانی اور بریسٹ کینسر سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں خواتین میں کینسر کی وجوہات، علامات، بروقت تشخیص، احتیاطی تدابیر، علاج اور عوامی آگاہی کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ خواتین کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے بروقت آگاہی، باقاعدہ طبی معائنہ اور ابتدائی تشخیص انتہائی ضروری ہے۔
اجلاس میں 9 سے 14 سال کی بچیوں کو سرویکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کی نومبر میں شروع ہونے والی مہم کے حوالے سے بھی تفصیلی مشاورت کی گئی۔ ڈیڈک چیئرمین عبدالغنی آفریدی نے کہا کہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون اور مؤثر حکمتِ عملی کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنی 9 سے 14 سال کی بچیوں کو سرویکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین ضرور لگوائیں تاکہ انہیں مستقبل میں اس خطرناک بیماری سے محفوظ رکھنے میں مدد مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند بیٹیاں محفوظ خاندان اور مضبوط معاشرے کی ضامن ہوتی ہیں۔