لنڈی کوتل: مہنگائی اور پیٹرولیم لیوی کے خلاف 3 ستمبر کو شٹر ڈاؤن، جماعت اسلامی کی تاجروں سے اپیل

لنڈی کوتل (کیو این این ورلڈ/بیورورپورٹ): جماعت اسلامی پاکستان کی جانب سے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور پیٹرولیم لیوی میں اضافے کے خلاف 3 ستمبر کو مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کے حوالے سے لنڈی کوتل میں تاجروں اور دکانداروں کے ساتھ مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیا۔

اجلاس میں جماعت اسلامی کے صوبائی سیکرٹری صابر حسین اعوان، ضلع خیبر کے امیر شاہ فیصل آفریدی، شاجہان آفریدی، مراد حسین آفریدی، حاجی حسن شینواری، ضیاء الحق آفریدی اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنما شاجہان آفریدی نے کہا کہ ملک بالخصوص قبائلی اضلاع میں مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور مختلف لیویز میں مسلسل اضافے سے غریب عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لنڈی کوتل پہلے ہی امن و امان اور معاشی مشکلات سے متاثر ہے، جبکہ علاقے میں کاروباری سرگرمیوں میں کمی اور مہنگائی نے عوام کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔

جماعت اسلامی ضلع خیبر کے امیر شاہ فیصل آفریدی نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ آواز بلند کرتی رہی ہے۔ کمر توڑ مہنگائی کے باعث ادویات، اشیائے خورونوش اور دیگر ضروریاتِ زندگی کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں، جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی میں اضافے کی اہم وجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام سے مختلف مدات میں ٹیکس اور لیویز وصول کیے جا رہے ہیں، لیکن اس کے باوجود عام شہری مسلسل معاشی مشکلات کا شکار ہے۔ انہوں نے تاجروں اور دکانداروں سے اپیل کی کہ وہ 3 ستمبر کی مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال میں بھرپور شرکت کریں اور مہنگائی کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں۔

جماعت اسلامی کے صوبائی سیکرٹری صابر حسین اعوان نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی گزشتہ 17 روز سے احتجاجی دھرنا دیے ہوئے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ احتجاج کا مقصد عوام کو درپیش معاشی مشکلات کو اجاگر کرنا اور حکومت کو عوامی مسائل کے حل کی جانب متوجہ کرنا ہے۔

صابر حسین اعوان نے کہا کہ عوام سے ٹیکس اور اضافی لیوی کی مد میں بھاری رقوم وصول کی جا رہی ہیں، جس کا براہِ راست بوجھ عام شہری پر پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لنڈی کوتل میں جرگے کی طرز پر تاجروں اور دکانداروں سے مشاورت کا مقصد مہنگائی کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اجتماعی آواز بلند کرنا ہے۔

جماعت اسلامی کے رہنما حاجی حسن شینواری نے کہا کہ لنڈی کوتل میں کاروباری سرگرمیاں پہلے ہی متاثر ہیں، جبکہ قبائلی اضلاع میں ٹیکسوں اور مختلف مالی بوجھ کے باعث تاجروں اور عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

اجلاس کے شرکاء نے تاجروں اور دکانداروں سے اپیل کی کہ وہ 3 ستمبر کو ہونے والی ملک گیر مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال میں بھرپور شرکت کریں اور مہنگائی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور عوام پر بڑھتے ہوئے مالی بوجھ کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے