قصور: ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا کا ضلعی محکموں کی سست روی پر سخت برہمی کا اظہار، فیلڈ میں نکلنے کا حکم

قصور (کیو این این ورلڈ/ بیوروچیف طارق نوید سندھو) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا کی زیر صدارت ضلعی محکموں کی کارکردگی، جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی خدمات کی فراہمی کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید ایوب بخاری، منیجنگ ڈائریکٹر واسا کاشف منہاس، سول ڈیفنس آفیسر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز اور ضلعی منیجر ستھرا پنجاب اتھارٹی سمیت مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران تمام محکموں کی جانب سے اپنے اپنے شعبوں کی کارکردگی اور کلیدی کارکردگی اشاریوں (KPIs) کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا نے کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور بعض شعبوں میں اہداف کے حصول میں سست روی اور کوتاہی پائے جانے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پنجاب عوامی خدمت اور گڈ گورننس کے معاملے پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے، اس لیے کسی بھی محکمے کی جانب سے غفلت، غیر سنجیدگی یا مقررہ اہداف میں تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے افسران کو الرٹ کرتے ہوئے کہا کہ تمام KPIs کے اہداف مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں اور کارکردگی میں واضح بہتری لائی جائے۔

انہوں نے سخت لہجے میں خبردار کیا کہ ناقص کارکردگی، غیر حاضری، عوامی شکایات کے بروقت ازالے میں ناکامی اور سرکاری امور میں غفلت کے ذمہ دار افسران و اہلکاروں کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ تمام افسران دفاتر تک محدود رہنے کے بجائے فیلڈ میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں اور روزانہ کی بنیاد پر کام کی نگرانی کریں۔

ڈپٹی کمشنر قصور نے مزید کہا کہ صفائی ستھرائی، نکاسی آب، تعلیم اور سول ڈیفنس سے متعلق جاری منصوبوں میں کسی قسم کی سستی قبول نہیں کی جائے گی۔ ہر محکمہ اپنی کارکردگی کے حوالے سے جوابدہ ہے اور آئندہ جائزہ اجلاس میں کارکردگی کی بنیاد پر ہی فیصلہ ہوگا، جہاں بہتر کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی اور غفلت برتنے والوں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی سفارش کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے