قصور (کیو این این ورلڈ/ بیوروچیف طارق نوید سندھو) شہر قصور اور اس کے ملحقہ علاقوں بالخصوص گنڈا سنگھ روڈ اور بھیلا روشن کے راستے میں سڑک کے کناروں پر بااثر افراد کی جانب سے بڑی مقدار میں مکئی بکھیر دی گئی ہے، جس کے باعث یہ مصروف شاہراہ مسافروں کے لیے موت کا جال بن چکی ہے۔ سڑکوں پر سرعام مکئی پھیلائے جانے کی وجہ سے موٹر سائیکل سواروں اور دیگر گاڑیوں کے لیے حادثات کا شدید خطرہ پیدا ہو گیا ہے، لیکن ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکمے آنکھیں بند کیے بیٹھے ہیں۔
علاقہ مکینوں اور مسافروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ گنڈا سنگھ روڈ پر ہر وقت گاڑیوں کی تیز رفتار آمدورفت جاری رہتی ہے، اور رات کے اوقات میں سڑک پر روشنی کا مناسب انتظام نہ ہونے کی وجہ سے بکھری ہوئی مکئی دور سے نظر نہیں آتی۔ اندھیرے میں تیز رفتار موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں اچانک مکئی پر چڑھنے سے بری طرح پھسل جاتی ہیں، جس سے روزانہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور شہریوں کے شدید زخمی ہونے کا اندیشہ بڑھتا جا رہا ہے، جس نے شہریوں کو شدید تشویش اور خوف میں مبتلا کر دیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اپنی فصلوں کو سکھانے کے لیے سرکاری سڑکوں کا غیر قانونی استعمال ٹریفک قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، مگر انتظامیہ کی مجرمانہ خاموشی کے باعث بیوپاریوں اور زمینداروں کے حوصلے بلند ہیں۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ہائی ویز کے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سڑک کو فوری صاف کروا کر ذمہ داروں کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے تاکہ قیمتی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔