قصور (کیو این این ورلڈ/ بیوروچیف طارق نوید سندھو) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق اور ڈائریکٹر جنرل فشریز پنجاب کی خصوصی ہدایات پر محکمہ فشریز نے ایک بڑا اقدام اٹھایا ہے۔ قدرتی آبی ذخائر میں مچھلی کی افزائش، آبی ماحولیات کے تحفظ اور پائیدار ماہی گیری کے فروغ کے لیے دریائے راوی کے مقام ہیڈ بلوکی میں ایک لاکھ مچھلی کے بچوں کی ذخیرہ کاری کامیابی سے مکمل کر لی گئی ہے۔
مچھلی کے بچوں کی یہ ذخیرہ کاری فش ہیچری بلوکی، ضلع قصور سے کی گئی، جس کی خصوصی نگرانی ڈپٹی ڈائریکٹر فشریز لاہور ڈویژن عظیم بیگم نے کی۔ اس اہم موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز فش ہیچری بلوکی مہر معوذ اسلم اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز ننکانہ صاحب فخرا سمیت محکمہ فشریز کے دیگر متعلقہ افسران اور عملہ بھی موقع پر موجود تھا۔
محکمہ فشریز کے حکام کا کہنا ہے کہ دریاؤں، جھیلوں اور دیگر قدرتی آبی ذخائر میں مچھلی کے بچوں کی باقاعدہ ذخیرہ کاری کا بنیادی مقصد مچھلی کی قدرتی آبادی میں اضافہ کرنا ہے۔ اس اقدام سے آبی حیات کا تحفظ یقینی ہوگا، ماحولیاتی توازن برقرار رہے گا اور سب سے بڑھ کر مقامی ماہی گیر برادری کے لیے روزگار اور آمدنی کے بہتر مواقع پیدا ہوں گے۔
حکام نے مزید بتایا کہ قدرتی عوامل کے باعث دریاؤں میں مچھلیوں کی تعداد متاثر ہوتی رہتی ہے، جس کے پیش نظر محکمہ فشریز پنجاب وقتاً فوقتاً فش سیڈ اسٹاکنگ پروگرام کے تحت مچھلی کے بچوں کو دریاؤں میں چھوڑتا ہے۔ اس کا مقصد مچھلی کی قدرتی افزائش کو تیز کرنا اور مستقبل میں مچھلی کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ممکن بنانا ہے۔
محکمہ کے ماہرین کے مطابق دریائے راوی میں ایک لاکھ مچھلی کے بچوں کی اس ذخیرہ کاری سے آبی ماحولیاتی نظام کو مستحکم بنانے میں بڑی مدد ملے گی۔ محکمہ فشریز پنجاب صوبہ بھر میں فش سیڈ اسٹاکنگ پروگرام کو مزید مؤثر بنا رہا ہے تاکہ غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ماہی گیر برادری کی معاشی ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جا سکے۔