قصور( طارق نوید سندھو سے ) پیرو والا روڈ میں گزشتہ 10 روز سے بجلی کا ٹرانسفارمر خراب ہونے کے باعث پورا علاقہ شدید مشکلات کا شکار ہے، جہاں بجلی کی مسلسل بندش سے گھروں کے ساتھ ساتھ مساجد میں بھی پانی ناپید ہو چکا ہے جبکہ واٹر پمپ بند ہونے سے شہری پینے کے صاف پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے اس موسم میں پانی کی عدم دستیابی نے ان کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور لوگ دور دراز علاقوں سے پانی لانے پر مجبور ہیں، جبکہ متعلقہ لیسکو حکام کو متعدد بار شکایات درج کروانے کے باوجود اب تک کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔
لیسکو حکام کی اسی سردمہری کے خلاف علاقہ مکین خالی برتن اٹھا کر سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ علاقے میں فوری طور پر نیا ٹرانسفارمر نصب کرکے بجلی اور پانی کی فراہمی کو بحال کیا جائے۔
شہریوں نے اعلیٰ لیسکو حکام اور ضلعی انتظامیہ سے اس صورتحال پر فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر اگلے 24 گھنٹوں کے اندر یہ دیرینہ مسئلہ حل نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ کار مزید وسیع کر دیا جائے گا۔