قصور (طارق نوید سندھو سے) ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان کی خصوصی ہدایت پر تھانہ تھہ شیخم پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے راہزنی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث خطرناک ظفر عرف ظفری ڈکیت گینگ کے 5 ارکان کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس نے کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے لوٹی گئی 3 لاکھ روپے کی نقدی، 7 موبائل فونز، دیگر قیمتی سامان سمیت ایک رائفل اور 5 پسٹل برآمد کر لیے ہیں۔
ترجمان پولیس کے مطابق یہ ملزمان موٹر سائیکلوں پر دو سے تین ٹولیوں کی شکل میں سوار ہو کر شاہراہوں پر ناکے لگاتے اور اسلحہ کے زور پر معصوم راہگیروں سے لوٹ مار کی وارداتیں کیا کرتے تھے۔
گرفتار ملزمان نے ابتدائی دورانِ تفتیش تھانہ تھہ شیخم اور راجہ جنگ کی حدود میں راہزنی اور چوری کی 20 سے زائد سنگین وارداتیں کرنے کا اعتراف کیا ہے، جس پر پولیس نے مزید تفتیش اور ریکوری کے لیے کارروائی کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔
ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اس شاندار اور کامیاب کارروائی پر تھانہ تھہ شیخم پولیس کی پوری ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے نقد انعامات کا اعلان کیا ہے۔