لنڈی کوتل: کیوکشن کان کراٹے سنٹر میں بیلٹ پروموشن ٹیسٹ کا انعقاد

لنڈی کوتل (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) انٹرنیشنل کیوکشن کان کراٹے پاکستان کے زیرِ اہتمام لنڈی کوتل کیوکشن کان کراٹے سنٹر میں بیلٹ پروموشن ٹیسٹ کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں کراٹے فائٹرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ٹیسٹ پاس کرنے والے کامیاب کھلاڑیوں کو اگلی بیلٹ میں ترقی دینے کے ساتھ ساتھ اعزازی اسناد سے بھی نوازا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل میں بروز اتوار منعقد ہونے والے اس بیلٹ پروموشن ٹیسٹ کی نگرانی جاپان سے تربیت یافتہ پاکستان برانچ چیف حیات نذیر شینواری اور نور اسلم شینواری نے کی۔ اس موقع پر حیات نذیر شینواری کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے ہر چھ ماہ بعد ان کی زیرِ نگرانی مارشل آرٹس ٹریننگ سنٹر میں بیلٹ پروموشن ٹیسٹ کا باقاعدگی سے انعقاد کیا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ علاقائی نوجوانوں کی بہترین جسمانی اور ذہنی تربیت کے لیے مسلسل کوشاں ہیں تاکہ نئی نسل مثبت اور صحت مند سرگرمیوں میں مصروف رہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نور اسلم شینواری کا کہنا تھا کہ ان کے کلب کے باصلاحیت کھلاڑیوں نے ماضی میں بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان کی شاندار نمائندگی کی ہے جو پورے علاقے کے لیے باعثِ فخر ہے۔

ٹیسٹ کے دوران ریفرینگ اور ایمپائرنگ کے فرائض اسد اللہ شینواری (بلیک بیلٹ سیکنڈ ڈان)، تحسین اللہ شینواری (بلیک بیلٹ سیکنڈ ڈان)، علی رحمان شینواری (بلیک بیلٹ فرسٹ ڈان)، عرفان شینواری (بلیک بیلٹ سیکنڈ ڈان)، شہباز شینواری (بلیک بیلٹ فرسٹ ڈان) اور عابد شینواری (بلیک بیلٹ فرسٹ ڈان) نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیے۔ تقریب کے آخر میں نمایاں اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کراٹے کھلاڑیوں میں اعزازی سرٹیفکیٹس اور اسناد تقسیم کی گئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے