ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کے سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر ایبٹ آباد کی جانب سے ڈیرہ غازی خان پولیس کے افسران کی شاندار کارکردگی پر ایک تعریفی خط جاری کیا گیا ہے۔ ایجنسی نے سب انسپکٹر و ایس ایچ او تھانہ درخواست جمال خان، شاہ نواز اور ان کی ٹیم کو بہترین پیشہ ورانہ کارکردگی اور فرض شناسی پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او سب انسپکٹر شاہنواز نے سائبر کرائم کے ایک انتہائی اہم مقدمے کی تفتیش کے دوران اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور انتھک محنت کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے جدید خطوط پر تفتیش کرتے ہوئے مطلوب ملزم عبدالشکور کو گرفتار کیا، جس سے نہ صرف انصاف کی بروقت فراہمی ممکن ہوئی بلکہ قانون کی بالادستی اور پولیس پر عوامی اعتماد کو بھی مزید تقویت ملی ہے۔
ڈی پی او ڈیرہ غازی خان نے این سی سی آئی اے کی جانب سے موصول ہونے والا یہ تعریفی سرٹیفکیٹ ایس ایچ او شاہ نواز اور ان کی پوری ٹیم کے حوالے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ٹیم میں شامل ہیڈ کانسٹیبل ذوالقرنین حیدر، کانسٹیبل محمد رمضان، کانسٹیبل محمد ثقلین، کانسٹیبل عبدالغفار اور کانسٹیبل محمد اویس کو خصوصی شاباش دی اور کہا کہ یہ اعزاز ڈیرہ غازی خان پولیس کے مؤثر تفتیشی نظام اور جرائم کے خلاف اٹل عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔