آزاد کشمیر الیکشن: پی پی اور جے یو آئی میں انتخابی اتحاد، سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فارمولا طے

اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) پاکستان پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے آئندہ انتخابات کے لیے باضابطہ طور پر سیاسی اتحاد کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت دونوں جماعتیں مل کر الیکشن لڑیں گی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پیپلز پارٹی اور جے یو آئی آزاد جموں و کشمیر کے مرکزی رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اس سیاسی اتحاد کا باقاعدہ اعلان کیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما چوہدری یاسین نے کہا کہ جے یو آئی کے ساتھ یہ اتحاد ریاست میں دونوں جماعتوں کے لیے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو ہر عالمی فورم پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا ہے۔

چوہدری یاسین نے انتخابی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے اعلان کیا کہ حلقہ ایل اے 14 اور حلقہ ایل اے 23 پر جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار دونوں پارٹیوں کے مشترکہ امیدوار ہوں گے اور پیپلز پارٹی وہاں اپنے امیدوار کھڑے نہیں کرے گی۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی آزاد کشمیر کے امیر مولانا سعید یوسف کا کہنا تھا کہ آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی تاریخ میں پہلی بار جے یو آئی اور پیپلز پارٹی کے درمیان یہ تاریخی اتحاد قائم ہوا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ پیپلز پارٹی ان دو مخصوص حلقوں میں جے یو آئی کے امیدواروں کی مکمل ہیمت کرے گی، جبکہ اس کے بدلے میں آزاد کشمیر کے دیگر تمام انتخابی حلقوں میں جے یو آئی کے کارکنان اور ووٹرز پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو بھرپور سپورٹ کریں گے۔

واضح رہے کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے لیے 27 جولائی کی تاریخ مقرر کی گئی ہے، اور اس نئے سیاسی اتحاد کے بعد ریاست کی انتخابی صورتحال میں بڑی تبدیلی متوقع ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے