کندھ کوٹ (رپورٹ: وقار احمد اعوان): جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیرِ اہتمام مہنگائی، بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافے، پیٹرولیم مصنوعات کی مسلسل بڑھتی قیمتوں اور ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف 7 اگست کو ہونے والے احتجاجی مظاہرے کی تیاری کے سلسلے میں شہر میں آگاہی مارچ نکالا گیا۔ مارچ کے شرکاء نے مختلف شاہراہوں پر شہریوں سے رابطہ کرتے ہوئے احتجاج میں بھرپور شرکت کی اپیل کی۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ حکومت کی عوام دشمن معاشی پالیسیوں، آسمان سے باتیں کرتی مہنگائی، بجلی و گیس کے ناقابلِ برداشت نرخوں، پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں اور نئے ٹیکسوں نے غریب عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے طوفان نے ہر گھر کا بجٹ تباہ کر دیا ہے، جبکہ حکمران عوام کو ریلیف دینے کے بجائے آئے روز نئے ٹیکسوں کا بوجھ ڈال رہے ہیں۔
مارچ کے شرکاء نے کہا کہ اب خاموش رہنے کا وقت گزر چکا ہے اور عوام کو اپنے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے شہریوں، تاجروں، مزدوروں، طلبہ، خواتین اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ کل 7 اگست کو کندھ کوٹ پریس کلب کے سامنے ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں اور مہنگائی، بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافے، پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں اور عوام دشمن ٹیکسوں کے خلاف اپنی آواز بلند کریں تاکہ حکومت عوامی مسائل کے حل اور عوام دوست معاشی پالیسیاں اختیار کرنے پر مجبور ہو۔