ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف احسان اللہ ایاز): بابا گورو نانک یونیورسٹی ننکانہ صاحب کے رجسٹرار مبشر طارق نے کہا ہے کہ یونیورسٹی میں بہت جلد چھ مختلف مضامین میں ایم ایس پروگرامز کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس سے طلبہ کو معیاری اعلیٰ تعلیم کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں ہونے والی حالیہ بھرتیوں کے عمل میں ہر صورت مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔
صدر پریس کلب ننکانہ صاحب چوہدری افضل حق کی قیادت میں صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے رجسٹرار مبشر طارق نے کہا کہ یونیورسٹی کو جلد نئے اسٹیٹ آف دی آرٹ کیمپس میں منتقل کیا جائے گا، جہاں ہزاروں طلبہ و طالبات کو جدید اور معیاری تعلیمی سہولیات باآسانی میسر آئیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت یونیورسٹی میں 23 مختلف مضامین کے بی ایس پروگرامز میں داخلے جاری ہیں اور طلبہ کو بہترین تعلیمی ماحول اور معیاری تعلیم کی فراہمی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
رجسٹرار کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے ہمیشہ داخلوں، بھرتیوں اور دیگر انتظامی امور میں شفافیت کو مقدم رکھا ہے اور حالیہ بھرتیوں کے تمام مراحل بھی مکمل شفاف انداز میں انجام دیے جائیں گے تاکہ میرٹ اور انصاف کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔ اس موقع پر انہوں نے داخلوں اور بھرتیوں کے آن لائن طریقہ کار اور شفافیت کے لیے اختیار کیے گئے اقدامات سے بھی صحافیوں کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔