محکمہ پاپولیشن ویلفیئر کندھ کوٹ میں آسامیوں کے انٹرویوز، امیدواروں کی شفاف اور میرٹ پر مبنی بھرتیوں کی امید

کندھ کوٹ (کیو این این ورلڈ/رپورٹ وقار احمد اعوان):محکمہ پاپولیشن ویلفیئر کندھ کوٹ میں فیملی ویلفیئر اسسٹنٹ (خاتون) بی پی ایس-05 اور کلرک کی خالی آسامیوں پر بھرتیوں کے لیے انٹرویوز کا انعقاد کیا گیا، جس میں آئی بی اے کے تحریری امتحان میں کامیاب امیدواروں نے شرکت کی۔ امیدوار انٹرویو کے مرحلے میں بھرپور اعتماد کے ساتھ شریک ہوئے اور اس امید کا اظہار کیا کہ بھرتیوں کا پورا عمل مکمل شفافیت، دیانتداری اور میرٹ کی بنیاد پر مکمل کیا جائے گا تاکہ اہل اور محنتی امیدواروں کو ان کا جائز حق مل سکے۔

انٹرویو پینل میں سیکشن آفیسر ایس اینڈ جی اے ڈی معشوق علی لنڈ، اسسٹنٹ کمشنر تنگوانی ڈاکٹر علی رضا بوزدار اور ضلعی پاپولیشن ویلفیئر آفیسر ذوالفقار علی دیھتو شامل تھے۔ پینل نے امیدواروں کی تعلیمی قابلیت، پیشہ ورانہ استعداد، اعتماد، ابلاغی صلاحیت اور شعبہ آبادی کی بہبود سے متعلق معلومات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

انٹرویو کے بعد امیدواروں نے کہا کہ انہوں نے آئی بی اے کا تحریری امتحان سخت محنت، لگن اور اپنی صلاحیتوں کی بنیاد پر کامیاب کیا ہے، اس لیے انہیں یقین ہے کہ انٹرویو سمیت بھرتی کے ہر مرحلے میں بھی صرف میرٹ کو ترجیح دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شفاف بھرتیوں سے نہ صرف سرکاری اداروں پر عوام کا اعتماد مضبوط ہوگا بلکہ باصلاحیت نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں ملک و قوم کی خدمت کے لیے بروئے کار لانے کا موقع بھی ملے گا۔

امیدواروں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ بھرتیوں کے عمل کو ہر قسم کی سفارش، سیاسی دباؤ اور غیر ضروری مداخلت سے پاک رکھا جائے تاکہ اہل، مستحق اور قابل امیدواروں کے حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور شفافیت کی بہترین مثال قائم ہو۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے