کندھ کوٹ (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار وقاراحمد اعوان) کندھ کوٹ شہر میں امن و امان کی بحالی کے لیے ون فائیو انچارج خلیل احمد لغاری کی قیادت میں جاری اقدامات نے نمایاں نتائج دینا شروع کر دیے ہیں۔ ان کی سچائی، ایمانداری اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بے خوف مؤقف نے نہ صرف پولیس کا مورال بلند کیا بلکہ عوام کے دلوں میں بھی اعتماد بحال کیا ہے۔
خلیل احمد لغاری نے جرائم کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کرتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں۔ ان کی مؤثر حکمتِ عملی اور مسلسل پولیس آپریشنز کے نتیجے میں کئی نام نہاد انعام یافتہ ڈاکو دباؤ میں آ کر خود کو قانون کے حوالے کرنے پر مجبور ہو گئے، جبکہ متعدد خطرناک جرائم پیشہ عناصر پولیس مقابلوں میں اپنے انجام کو پہنچے۔
انہوں نے دو ٹوک پیغام دیا ہے کہ کندھ کوٹ میں جرائم کے لیے کوئی گنجائش نہیں اور قانون شکنی کرنے والوں کو سخت نتائج کا سامنا کرنا ہوگا۔ ان کی قیادت میں پولیس فورس دن رات اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہی ہے تاکہ شہریوں کو محفوظ اور پُرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔
شہر کے عوام ایسے بہادر، فرض شناس اور باکردار پولیس افسران اور اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کر رہے ہیں جو اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنا رہے ہیں۔ عوام کو امید ہے کہ خلیل احمد لغاری کی قیادت میں یہ مثبت تبدیلیاں جاری رہیں گی اور کندھ کوٹ ایک پُرامن اور ترقی یافتہ شہر کی صورت میں ابھرے گا۔