جمرود (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وقار احمد کی قیادت میں ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ایس ایچ او تھانہ جمرود صدیق خان کی نگرانی میں انچارج نواب شاہ شہید چوکی وزیر ڈھنڈ عبدالرحم، اسسٹنٹ انچارج واقیف خان اور اہلکار یاراہ جان نے کارخانوں وزیر ڈھنڈ مارکیٹ میں واقع ایک گودام پر کامیاب چھاپہ مار کارروائی کی ہے۔
کارروائی کے دوران گودام سے مختلف اقسام کی رائفلوں اور اسلحہ کے پارٹس برآمد کیے گئے ہیں، جن میں 4 عدد ریپیٹر رائفلوں کی باڈیز، 14 عدد رائفل بیرل، 11 عدد مختلف رائفل پارٹس، 5 عدد ایس ایم جی پارٹس، 6 عدد ایس ایم جی بیرل، 7 عدد فولڈنگ بٹس اور 16 عدد خنجر شامل ہیں۔
پولیس نے کارروائی کے دوران موقع پر موجود ملزم عبیداللہ ولد جان میر (سکنہ افغانستان، حال غاڑیزہ جمرود) کو گرفتار کرکے حوالات منتقل کر دیا ہے۔ ملزم کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ پولیس نے معاملے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
ایس ایچ او جمرود صدیق خان نے اس حوالے سے بتایا کہ ڈی پی او خیبر وقار احمد کے واضح احکامات کی روشنی میں تھانہ جمرود کی حدود میں منشیات فروشوں، سمگلروں، موبائل چوروں اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام چوکیوں پر ناکہ بندیوں اور گشت کے نظام کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے، لہٰذا شہری امن و امان کے قیام اور جرائم کے خاتمے کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون جاری رکھیں۔