جمرود پولیس کی بروقت کارروائی، موبائل چور گروہ دھر لیا گیا

جمرود (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وقار احمد کی قیادت میں ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کامیابی سے جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ایس ایچ او جمرود صدیق خان کی نگرانی میں انچارج نواب شاہ شہید چوکی وزیر ڈھنڈ عبدالرحم، اسسٹنٹ انچارج مطیع اللہ اور افسر خان نے فوری کارروائی عمل میں لائی۔

پولیس ٹیم نے علاقہ غاڑیزہ نہر کے قریب ناکہ بندی کے دوران موبائل چوری میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ہونے والے ملزمان کی شناخت ساوید ولد جاوید سکنہ جمرود، یوسف ولد شمال ساکن افغانستان حال شاکس، اور عوزیر ولد عادل نبی ساکن ملک دین خیل حال شاکس جمرود کے ناموں سے ہوئی ہے۔

کارروائی کے دوران گرفتار ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ موبائل فون چند گھنٹوں میں برآمد کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

اس موقع پر ایس ایچ او جمرود صدیق خان کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ موبائل چوری سمیت دیگر جرائم میں ملوث افراد کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے