بنو قابل پروگرام: سیالکوٹ میں بڑے پیمانے پر انٹری ٹیسٹ، ہزاروں طلبہ و طالبات کی شرکت

سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/ڈسٹرکٹ رپورٹر حسنین راجہ) بنو قابل فری آئی ٹی ٹریننگ پروگرام کے تحت فارورڈ اسپورٹس گراؤنڈ میں انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں 22 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ ٹیسٹ کے لیے انتظامیہ کی جانب سے 500 سے زائد انویجیلیٹرز تعینات کیے گئے۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنو قابل پروگرام نوجوانوں کو جدید آئی ٹی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے ملک بھر میں کام کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد نوجوان اس پروگرام سے تربیت حاصل کر چکے ہیں اور روزگار کما رہے ہیں، جبکہ مزید 15 لاکھ نوجوان رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔

ان کے مطابق بنو قابل پروگرام کے تحت پاکستان کے 65 شہروں میں مختلف آئی ٹی اور فری لانسنگ کورسز مفت کروائے جا رہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ یہ پروگرام صرف مستحق افراد کے لیے نہیں بلکہ معاشرے کے ہر طبقے کے نوجوانوں کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ڈگریوں تک محدود رکھنے کے بجائے عملی مہارتیں دینا وقت کی ضرورت ہے تاکہ وہ فری لانسنگ اور روزگار کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے اپنے بچوں نے بھی بنو قابل کے پلیٹ فارم سے آئی ٹی کورسز مکمل کیے ہیں، جو اس پروگرام کی افادیت کا ثبوت ہے۔

آخر میں انہوں نے رضاکاروں، انویجیلیٹرز اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ایک ماہ کے اندر امتحانی پرچے چیک کرکے طلبہ کو ان کی صلاحیتوں کے مطابق مختلف کورسز میں شامل کیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے