گھوٹکی (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ڈہرکی سانکو پھاٹک کے مقام پر ایک مال گاڑی کے دو ڈبے اچانک ٹرین سے الگ ہو گئے، جس کے باعث ریلوے ٹریک پر کچھ وقت کے لیے ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گیا اور الگ ہونے والے ڈبوں کو دوبارہ جوڑنے سمیت ٹریک کے فنی معائنے کا کام شروع کر دیا۔ ذرائع کے مطابق احتیاطی تدابیر کے تحت ٹریک کی مکمل جانچ کے بعد ریلوے آمد و رفت کو معمول پر لانے کی کوششیں جاری رہیں۔
خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ ریلوے حکام نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ بروقت کارروائی کے باعث کسی بڑے حادثے سے بچاؤ ممکن ہو سکا۔ مقامی افراد کے مطابق واقعے کے بعد کچھ دیر کے لیے تشویش کی فضا پیدا ہوئی، تاہم ریلوے عملے نے صورتحال کو جلد قابو میں لے لیا۔