سرگودھا: ظفر اللہ چوک تا پنجاب کالج روڈ کی فوری تعمیر کا مطالبہ

سرگودھا (کیو این این ورلڈ / بیوروچیف ملک شاہنواز جالپ) جماعت اسلامی سرگودھا کے رہنماؤں نے ظفر اللہ چوک سے پنجاب کالج اور ریڈر کالج سے نہر تک سڑکوں کی فوری تعمیر اور سیوریج نظام کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مطالبات پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں احتجاج، دھرنے اور سرکاری دفاتر کے گھیراؤ سمیت تمام آپشن استعمال کیے جائیں گے۔

جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے عوامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرگودھا شہر ڈویژن بھر سے آنے والے شہریوں کے لیے اہم مرکز ہے، جہاں تعلیم، صحت اور سرکاری دفاتر سے متعلق امور کے سلسلے میں روزانہ لاکھوں افراد آتے ہیں۔ اس کے باوجود شہر کے مرکزی علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن کی سڑکیں اور بنیادی شہری سہولیات انتہائی خراب حالت میں ہیں اور پورا علاقہ کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیٹلائٹ ٹاؤن تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں کا اہم مرکز ہے، لیکن خصوصاً ظفر اللہ چوک سے پنجاب کالج اور ریڈر کالج سے نہر تک سڑکیں تباہ حال ہیں، جبکہ سیوریج کا نظام بھی خراب ہو چکا ہے۔ اس صورتحال کے باعث تعلیمی اداروں میں آنے والے طلبہ، اساتذہ اور والدین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

جماعت اسلامی کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سڑکوں کی خستہ حالی کے باعث شہریوں کی قیمتی گاڑیاں متاثر ہو رہی ہیں، جبکہ دھول اور مٹی سے فضائی آلودگی اور مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ کا خدشہ بڑھ رہا ہے۔ سڑکوں کی خراب حالت نے ٹریفک کی روانی کو بھی متاثر کر رکھا ہے، جس سے شہریوں کی روزمرہ آمدورفت مشکلات کا شکار ہے۔

پریس کانفرنس کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ ظفر اللہ چوک سے پنجاب کالج اور ریڈر کالج سے نہر تک دونوں سڑکوں کو جلد از جلد تعمیر کیا جائے اور ان کے سیوریج نظام کو مکمل طور پر بحال کیا جائے۔ اس کے علاوہ سیٹلائٹ ٹاؤن کے اے، بی اور سی بلاکس کی تمام گلیوں اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت یقینی بنائی جائے، جبکہ ملحقہ علاقوں شمشیر ٹاؤن اور جناح کالونی کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے جائیں۔

پریس کانفرنس سے جماعت اسلامی کے گروپ لیڈر یونین کونسل نمبر 3 ملک ذوالقرنین اعوان، گروپ لیڈر یونین کونسل نمبر 5 ڈاکٹر موسیٰ باجوہ اور اسامہ اعجاز نے خطاب کیا۔ رہنماؤں نے واضح کیا کہ اگر شہریوں کے بنیادی مسائل حل نہ کیے گئے تو جماعت اسلامی اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے احتجاجی تحریک چلائے گی، جس میں دھرنے اور سرکاری دفاتر کا گھیراؤ بھی شامل ہو سکتا ہے۔

اس موقع پر نجی کالج کے طلبہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، جنہوں نے جماعت اسلامی کے مطالبات کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے سڑکوں کی فوری تعمیر اور بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے