مظفرآباد (کیو این این ورلڈ) آزاد کشمیر کے امن و امان اور باہمی ہم آہنگی کو سبوتاژ کرنے میں مصروف کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا عوام دشمن ایجنڈا ہر گزرتے دن کے ساتھ واضح ہوتا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک حالیہ ویڈیو نے اس تشویشناک صورتحال کو مزید نمایاں کر دیا ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کالعدم تنظیم کا سرغنہ امان خان آزاد کشمیر کے مقامی لوگوں کو اپنے معصوم بچوں کو اسکول بھیجنے سے کھلے عام منع کر رہا ہے۔ اس وائرل ویڈیو میں شرپسند تنظیم کے سرغنہ کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ "اپنے بچوں کو اسکول بھیج کر کیا کرو گے؟”۔
ماہرینِ تعلیم اور سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق کالعدم کمیٹی کی طرف سے آزاد کشمیر کے غیور لوگوں کو ان کے بچوں کی تعلیم سے روکنا اس شرپسند ٹولے کی بدنیتی اور عوام دشمنی کا سب سے بڑا ثبوت ہے۔ یہ مذموم اقدام افغان طالبان اور فتنہ ہندوستان جیسی انتہا پسندانہ ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے، جس کا مقصد نئی نسل کو جہالت کے اندھیروں میں دھکیلنا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں تعلیمی اداروں کے بائیکاٹ کی یہ سازش دراصل نوجوانوں کو تعلیم سے محروم کر کے انہیں اپنے مخصوص ریاست مخالف ایجنڈے کا ایندھن بنانا ہے۔ یہ شرپسند ٹولہ بظاہر عوامی حقوق کی جدوجہد کے کھوکھلے دعوے کرتا ہے، مگر درحقیقت اپنے بیرونی سرپرستوں کی ایماء پر آزاد کشمیر کے مستقبل کو تباہ کرنے کے درپے ہے۔