ایران سے زیادہ تر معاملات طےکرلیےگئے، ڈیل کا اعلان جلد متوقع ہے، امریکی صدر

واشنگٹن/اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ ہونے والے ممکنہ امن معاہدے پر بیشتر معاملات طے پا چکے ہیں جبکہ حتمی نکات پر مذاکرات آخری مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکا اور ایران نے معاہدے کے مسودے پر آج صبح ہی اتفاق کر لیا ہے اور اتوار تک اس کے باضابطہ اعلان کا قوی امکان ہے۔

صدر ٹرمپ کے مطابق مجوزہ معاہدہ صرف امریکا اور ایران تک محدود نہیں ہوگا بلکہ اس میں کئی اہم مسلم ممالک بھی شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے کے بعد آبنائے ہرمز کھول دی جائے گی جس سے خطے میں کشیدگی میں کمی اور عالمی تجارتی سرگرمیوں میں بہتری کی توقع ہے۔

امریکی صدر نے انکشاف کیا کہ انہوں نے پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت متعدد مسلم ممالک کی قیادت سے رابطے کیے۔ ان کے مطابق محمد بن سلمان، محمد بن زاید النہیان، قطر کے امیر تمیم بن حمد آل ثانی، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان، مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی، اردن کے فرمانروا عبداللہ دوم اور بحرین کے فرمانروا حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ سمیت دیگر رہنماؤں سے ایران سے متعلق مفاہمتی یادداشت اور امن معاہدے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کو بھی اس پیش رفت سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور تمام فریقین کو خطے میں استحکام کیلئے اعتماد میں لیا جا رہا ہے۔ ان کے بقول معاہدہ بڑی حد تک تیار ہے تاہم حتمی منظوری اور آخری تفصیلات پر بات چیت جاری ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ٹروتھ سوشل” پر جاری بیان میں کہا کہ “میں وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں موجود ہوں جہاں ابھی ہماری سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان آل سعود، متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید النہیان، قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد بن خلیفہ آل ثانی، قطر کے وزیراعظم محمد بن عبدالرحمن بن جاسم بن جابر آل ثانی اور وزیر علی الثوادی، پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر احمد شاہ، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان، مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی، اردن کے شاہ عبداللہ دوم اور بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ کے ساتھ نہایت اچھی گفتگو ہوئی، جس میں اسلامی جمہوریہ ایران اور امن سے متعلق مفاہمتی یادداشت کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔”

انہوں نے مزید کہا کہ “امریکا، اسلامی جمہوریہ ایران اور مذکورہ دیگر ممالک کے درمیان ایک معاہدے پر بڑی حد تک مذاکرات مکمل ہو چکے ہیں، تاہم اسے حتمی شکل دینا ابھی باقی ہے۔ اس کے علاوہ میری اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے بھی بات ہوئی جو انتہائی مثبت رہی۔ معاہدے کے آخری نکات اور تفصیلات پر اس وقت گفتگو جاری ہے اور جلد ہی اس کا اعلان کر دیا جائے گا۔ معاہدے کے دیگر اہم نکات کے ساتھ ساتھ آبنائے ہرمز کو بھی کھول دیا جائے گا۔ اس معاملے پر توجہ دینے کا شکریہ۔”

امریکی صدر نے اس پیش رفت کو مشرقِ وسطیٰ میں ایک بڑی سفارتی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر یہ معاہدہ طے پا گیا تو خطے میں نئی سیاسی صف بندیاں دیکھنے کو مل سکتی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے