میہڑ(کیو این این ورلڈ/منظور علی جوئیہ کی رپورٹ) میہڑ کے قریب گاؤں بانہو لاکیر میں پرانی دشمنی کے باعث لاکیر اور مستوئی برادری کے درمیان فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 11 سالہ بچہ جاں بحق جبکہ اس کا 9 سالہ کزن شدید زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق دونوں برادریوں کے درمیان جاری پرانی دشمنی کے باعث فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کی زد میں آکر 11 سالہ ذیشان مستوئی موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، جبکہ اس کا 9 سالہ کزن علی رضا مستوئی شدید زخمی ہوگیا۔
واقعے کے فوری بعد جاں بحق بچے اور زخمی کو تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کیا گیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد ذیشان مستوئی کی لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ شدید زخمی علی رضا مستوئی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تشویشناک حالت میں مزید علاج کے لیے لاڑکانہ منتقل کردیا گیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمی بچے کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے بعد دونوں فریق مورچہ بند ہوگئے، جس کے باعث علاقے میں کشیدگی برقرار ہے۔ پولیس کی جانب سے صورتحال پر نظر رکھی جارہی ہے اور مزید کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
آخری اطلاعات تک واقعے کا مقدمہ بی سیکشن تھانہ میہڑ میں درج نہیں ہوسکا تھا، جبکہ پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔