پاکستان زبردست ملک ہے، فیلڈ مارشل شاندار اور وزیراعظم عظیم ہیں؛ ٹرمپ

واشنگٹن (کیو این این ورلڈ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے حوالے سے مثبت بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کا بہت احترام کرتے ہیں اور پاکستان کے فیلڈ مارشل اور وزیراعظم کو قابل احترام شخصیات سمجھتے ہیں۔

امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے دنیا بھر میں کئی جنگیں رکوانے میں کردار ادا کیا، جن میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی جوہری جنگ کی طرف بڑھ رہی تھی، اس دوران 11 طیارے گرائے گئے تھے، تاہم ان کی مداخلت سے صورتحال کو قابو میں لایا گیا۔ ٹرمپ کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم نے بھی اس حوالے سے کہا کہ اس اقدام سے لاکھوں لوگوں کی جانیں بچیں۔

ایران کے حوالے سے بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ ایران کے ساتھ جاری کشیدگی جلد ختم ہو جائے گی اور امریکا اس میں کامیاب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران بات چیت کرنا چاہتا ہے تو وہ براہ راست امریکا سے رابطہ کر سکتا ہے اور یہ معاملہ فون پر بھی طے کیا جا سکتا ہے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران میں کچھ عناصر بات چیت کے لیے تیار ہیں جبکہ کچھ نہیں، تاہم امید ہے کہ ایران دانشمندی کا مظاہرہ کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کا افزودہ یورینیم پروگرام مذاکرات کا اہم حصہ ہے اور امریکا اسے حاصل کرے گا۔

چین کے حوالے سے گفتگو میں ٹرمپ نے کہا کہ وہ چین سے زیادہ مایوس نہیں ہیں، تاہم چین اس معاملے میں مزید تعاون کر سکتا ہے۔

نیٹو کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ ایران کے معاملے پر نیٹو نے امریکا کا ساتھ نہیں دیا، اور جب صورتحال ختم ہو گئی تو بعد میں برطانیہ کی جانب سے تعاون کی پیشکش کی گئی، جو مناسب نہیں تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے