عیدالاضحیٰ پر کیو این این ورلڈ کا ہم وطنوں کو ہدیۂ تبریک

( کیو این این ورلڈ)عیدالاضحیٰ کے اس بابرکت اور مسرت انگیز موقع پرقومی نیوز نیٹ ورک "کیو این این ورلڈ” اور اس کے ملک بھر میں پھیلے تمام رپورٹرز، نمائندگان اور پوری ٹیم کی جانب سے عالمِ اسلام اور بالخصوص اپنے غیور پاکستانی بھائیوں کو عیدِ سعید کی خوشیاں دل کی گہرائیوں سے مبارک ہوں۔ یہ خاص دن ہمیں سیدنا ابراہیم علیہ السلام اور سیدنا اسماعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے، جو ہمیں سکھاتا ہے کہ جب مقصد عظیم ہو تو انسان کو اپنی سب سے پیاری چیز بھی اللہ کی راہ میں قربان کرنے سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔

اس مبارک دن کے موقع پر جہاں ہم سنتِ ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی پیش کر رہے ہیں، وہیں ہمیں ایثار و قربانی کے حقیقی جذبے سے سرشار ہو کر اپنے وطن کی بنیادوں کو یاد رکھنا ہے۔ ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ہم مملکتِ خدا داد پاکستان کی نظریاتی سرحدوں، نظریۂ پاکستان اور اس پاک دھرتی کے حصول کے لیے اپنے بزرگوں کی دی گئی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ عید کی ان خوشیوں میں اپنے اردگرد موجود غریب، نادار اور سفید پوش بھائیوں کو شامل کرنا ہی اس دن کا اصل پیغام ہے۔

اس پرمسرت اور تجدیدِ عہد کے دن "کیو این این ورلڈ” کی پوری ٹیم اپنے تمام معزز قارئین اور ہم وطنوں سے یہ پختہ عزم کرتی ہے کہ ملک میں سچی، مصدقہ اور غیر جانبدارانہ خبروں کی فراہمی اور ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ میں کسی بھی قربانی سے پہلو تہی نہیں کی جائے گی۔ ادارہ ہر قسم کے ذاتی و گروہی مفادات سے بالاتر ہو کر حق اور سچ کی آواز کو بلند رکھنے اور زرد صحافت و فیک نیوز کے خاتمے کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا تاکہ وطنِ عزیز کی فکری و نظریاتی سرحدوں کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے