گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار مشتاق علی لغاری)ڈسٹرکٹ گھوٹکی میں گزشتہ 25 سال سے سڑکوں کی تعمیر و مرمت نہ ہونے کے خلاف جمیعت علماء اسلام یونٹ ڈرنگ ملوک والی اور یوسی باگوڈھو کے عوام کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے ڈرنگ ملوک والی سے ڈپٹی کمشنر آفس گھوٹکی تک احتجاجی ریلی نکالی اور بعد ازاں ڈی سی آفس کے سامنے دھرنا دے دیا۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ علاقے میں طویل عرصے سے سڑکوں کی تعمیر و مرمت نہ ہونے کے باعث شہریوں کو شدید سفری مشکلات کا سامنا ہے۔ خستہ حال اور خراب راستوں کی وجہ سے طلبہ، مریضوں، خواتین اور عام شہریوں کو روزمرہ آمدورفت میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، جبکہ ضروری کاموں کے لیے بھی شہریوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
احتجاج کے دوران مظاہرین نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعمیرات و مواصلات سے مطالبہ کیا کہ علاقے کی سڑکوں کی موجودہ صورتحال کا فوری سروے کرایا جائے اور تعمیر و مرمت کا عملی کام شروع کیا جائے تاکہ شہریوں کو بنیادی سفری سہولت میسر آسکے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ 25 سال سے سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا مسئلہ حل نہ ہونا علاقے کے عوام کے لیے شدید تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ حکام محض یقین دہانیوں کے بجائے عملی اقدامات کریں۔
مظاہرین نے واضح کیا کہ جب تک ان کے مطالبات پر سنجیدگی سے توجہ نہیں دی جاتی اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لیے عملی پیش رفت نہیں ہوتی، احتجاج اور دھرنا جاری رکھا جائے گا۔
دوسری جانب احتجاج کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ یا محکمہ تعمیرات و مواصلات کا مؤقف تاحال سامنے نہیں آ سکا، جس کا انتظار ہے۔