سیالکوٹ ایئرپورٹ پر حجاج کرام کی وطن واپسی کا آغاز، پہلی پرواز جدہ سے پہنچ گئی

سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/شاہد ریاض)حجاج کرام کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہلی پوسٹ حج پرواز کے ذریعے عازمین حج کی آمد کا آغاز ہو گیا۔ ترجمان سیالکوٹ ایئرپورٹ کے مطابق جدہ سے آنے والی پہلی پرواز PF717 کے ذریعے 158 حجاج کرام سیالکوٹ پہنچے جن کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

وزیر مملکت برائے منصوبہ بندی و خصوصی امور ارمغان سبحانی نے ایئرپورٹ پر حجاج کرام کا استقبال کیا۔ اس موقع پر چیئرمین سیال حسن علی بھٹی، وائس چیئرمین وقاص افضل، ممبر بورڈ سیال شاہد رضا اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے جنہوں نے حجاج کرام کو وطن واپسی پر خوش آمدید کہا۔

وزیر مملکت ارمغان سبحانی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حجاج کرام کا استقبال کرنا ان کے لیے باعثِ سعادت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حجاج کرام روحانی فریضے کی ادائیگی کے بعد وطن واپس لوٹے ہیں اور پوری قوم ان کا خیرمقدم کرتی ہے۔

چیئرمین سیال حسن علی بھٹی نے کہا کہ حجاج کرام اللہ تعالیٰ کے مہمان ہیں اور ان کی سہولت اور عزت و احترام کے لیے سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حجاج کو امیگریشن، سامان کی وصولی اور دیگر سفری مراحل میں ہر ممکن سہولت فراہم کی گئی تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

QNN World Regional News Bulletin 1st June 2026

ترجمان کے مطابق سیالکوٹ ایئرپورٹ پر پوسٹ حج فلائٹ آپریشن کے تحت قومی ایئرلائن اور ایئر سیال کی پروازیں مسلسل جاری رہیں گی۔ قومی ایئرلائن کی جانب سے 5 جبکہ ایئر سیال کی جانب سے 21 پروازوں کے ذریعے 5 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین حج کو حجاز مقدس سے واپس وطن لایا جائے گا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ آج مجموعی طور پر تین پروازیں PF717، PF721 اور PK761 کے ذریعے 708 حجاج کرام سیالکوٹ پہنچیں گے۔ انتظامیہ کی جانب سے تمام پروازوں کے مسافروں کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ وطن واپسی کے اس مرحلے کو خوشگوار اور سہل بنایا جا سکے۔

سیالکوٹ ایئرپورٹ پر حجاج کرام کی آمد کے موقع پر ان کے عزیز و اقارب بھی بڑی تعداد میں موجود تھے جنہوں نے اپنے پیاروں کا والہانہ استقبال کیا۔ ایئرپورٹ پر خوشی اور جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے جبکہ حجاج کرام نے حج کی سعادت حاصل کرنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔

مصدقہ خبریں، ذمہ دارانہ صحافت
QNN World

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے