دفاعی پیداوار میں خود انحصاری پر زور، فیلڈ مارشل عاصم منیر کا پی او ایف واہ کا دورہ
راولپنڈی:(کیواین این ورلڈ) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان آرڈننس فیکٹریز (پی او ایف) واہ کا دورہ کیا، جہاں انہیں دفاعی پیداوار، مقامی سطح پر تیار کیے جانے والے فوجی سازوسامان اور ادارے کی پیداواری و برآمدی صلاحیتوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دفاعی صنعتی کمپلیکس واہ کے دورے کے دوران پی او ایف کی مختلف سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور ملکی دفاعی صنعتی بنیاد کو مضبوط بنانے میں ادارے کے کردار پر بریفنگ حاصل کی۔
فیلڈ مارشل کو مقامی سطح پر مختلف اقسام کے فوجی سازوسامان کی تیاری، تحقیق و ترقی اور دفاعی مصنوعات کی استعداد بڑھانے سے متعلق امور سے بھی آگاہ کیا گیا۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مقامی طور پر ڈیزائن اور تیار کیے گئے مختلف ہتھیاروں اور گولہ بارود کے تجربات اور آزمائشوں کا بھی مشاہدہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انہیں پی او ایف کو ایک جدید اور مؤثر کارپوریٹ ادارے میں تبدیل کرنے کے عمل میں ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا، جبکہ مقامی پیداوار، مصنوعات کی اپ گریڈیشن اور تکنیکی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے جاری اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل کو بتایا گیا کہ پی او ایف میں دو نئے صنعتی پلانٹس کی تنصیب کا عمل جاری ہے، جن سے رواں سال کے اختتام تک پیداوار شروع ہونے کی توقع ہے۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے دفاعی شعبے میں خود انحصاری، مقامی پیداوار اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ان شعبوں میں جاری کوششوں کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔