خطے میں امن کیلئے پاکستان کی ثالثی، ایرانی وزیر خارجہ کا خیر مقدم

اسلام آباد(کیو این این ورلڈ) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ٹیلیفونک گفتگو ہوئی ہے، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور جاری کشیدگی کو کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی کے مطابق، اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ کو خطے میں امن و استحکام کی بحالی اور فریقین کے درمیان مکالمے کے فروغ کے لیے پاکستان کی جاری کاوشوں سے آگاہ کیا۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کے تعمیری کردار اور مخلصانہ ثالثی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ان پر اعتماد کا اظہار کیا۔

گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کسی بھی مسئلے کا پائیدار حل صرف بامقصد سفارتکاری اور بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں دیرپا امن اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات کے فروغ کے لیے اپنا متحرک کردار ادا کرتا رہے گا۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے اور دوطرفہ سفارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ فریقین نے کشیدگی کے خاتمے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ قریبی رابطے میں رہنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے بھی ایک حالیہ انٹرویو میں امریکہ کے ساتھ مذاکرات میں پاکستان کی ثالثی کو سراہا تھا۔ انہوں نے واضح کیا تھا کہ تہران نے بطور ثالث ملک پاکستان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے اور اس حوالے سے کسی تبدیلی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے