نیویارک ریلی میں امریکی صدر کیخلاف نعرے بازی، شرکاء کی جانب سے 'ٹرمپ کو یہاں سے نکالو' کے نعرے

نیویارک (کیو این این ورلڈ) امریکی ریاست نیویارک میں ایک بڑی انتخابی ریلی سے خطاب کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اس وقت شدید سبکی کا سامنا کرنا پڑا جب پنڈال میں موجود بعض شرکاء نے ان کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی اور کئی بار ان کی تقریر میں خلل ڈالنے کی کوشش کی گئی۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریلی کے دوران مشتعل افراد نے اونچی آواز میں ‘ٹرمپ کو یہاں سے نکالو’ اور ‘ٹرمپ کو یہاں سے باہر کرو’ کے نعرے لگائے، جس پر سیکیورٹی حکام فوری طور پر متحرک ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق بار بار کی مداخلت پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ شدید چڑ گئے اور آپے سے باہر ہو کر نعرے لگانے والے شخص کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "جاؤ، گھر میں اپنی ماں کے پاس جاؤ!”۔ اس کے بعد انہوں نے سیکیورٹی اہلکاروں کو حکم دیا کہ تقریر کے دوران مسلسل مداخلت کرنے والے اس شخص کو یہاں سے نکال کر گھر میں اس کی ممی کے پاس لے جاؤ۔ ٹرمپ نے غصے کے اظہار کے بعد کچھ دیر انتظار کیا اور پھر تنزیہ انداز میں بولے کہ یہ شخص جو کچھ یہاں کہہ رہا ہے، حقیقت یہ ہے کہ اس کی امی یہ سب کچھ ٹی وی پر لائیو دیکھ رہی ہیں اور اسے خوب انجوائے کر رہی ہیں۔

اسی ریلی کے دوران صدر ٹرمپ نے شرکاء کو اپنے ماضی کے ایک طبی و علمی امتحان کا دلچسپ قصہ سناتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایک بار ڈاکٹر نے ان کا ذہنی ٹیسٹ لیا جس میں انہیں کئی بڑے ہندسوں کو زبانی ضرب، تقسیم، نفی اور پھر حاصل ضرب کو دوبارہ ضرب دینے کا مشکل ترین کام کہا گیا تھا۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس کٹھن امتحان کے باوجود ان کا جواب سو فیصد درست تھا، جس پر متعلقہ ڈاکٹر نے حیران ہو کر کہا کہ وہ گزشتہ 20 سال سے یہ امتحان لے رہا ہے لیکن اس نے اپنی زندگی میں کبھی نہیں دیکھا کہ کسی شخص نے اتنے مشکل سوال کا اتنا درست جواب دیا ہو۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے