فیلڈ مارشل کی تہران میں ایرانی صدر، وزیر خارجہ اور اسپیکر سے اہم ملاقات

تہران (کیو این این ورلڈ) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تہران میں ایرانی صدر، اسپیکر پارلیمنٹ اور وزیر خارجہ سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں خطے میں کشیدگی کم کرنے اور ایران امریکا امن عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے خصوصی ملاقات کی، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال، امن و استحکام اور جاری سفارتی کوششوں پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی موجود تھے۔

چیف آف ڈیفنس فورسز نے ایرانی چیف مذاکرات کار محمد باقر قالیباف سے بھی علیحدہ ملاقات کی، جس میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات اور ممکنہ امن معاہدے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس سے قبل فیلڈ مارشل عاصم منیر اور عباس عراقچی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں خطے میں کشیدگی کم کرنے، مغربی ایشیا میں امن و استحکام اور سکیورٹی سے متعلق سفارتی کوششوں پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔

یاد رہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر گزشتہ روز سرکاری دورے پر تہران پہنچے تھے جہاں ایران کے وزیر داخلہ سکندر مومنی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

دوسری جانب وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ایران میں موجود ہیں اور مختلف ایرانی شخصیات سے ملاقاتوں میں امریکا ایران کشیدگی میں کمی اور ممکنہ امن اقدامات پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ پاکستان کی جاری ثالثی کوششوں کا حصہ ہے اور وہ ایران امریکا امن معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے اہم سفارتی کردار ادا کر رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے