ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/ سٹی رپورٹر)وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن “ستھرا پنجاب” پروگرام کے تحت ڈیرہ غازی خان میں زیرو ویسٹ آگاہی مہم کے سلسلے میں ایک خصوصی فلیگ مارچ اور واک کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اس مہم کا بنیادی مقصد عوام میں صفائی ستھرائی کا شعور اجاگر کرنا اور بالخصوص عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو گلی محلوں میں کھلے عام پھینکنے سے روکنا ہے، کیونکہ اس عمل سے شدید تعفن، ماحولیاتی آلودگی اور مختلف خطرناک بیماریاں جنم لیتی ہیں۔

اس خصوصی آگاہی واک میں اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ غازی خان تیمور عثمان، ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی شکیب سرور، چیئرمین پروکیورمنٹ کمیٹی ویسٹ مینجمنٹ ذوالفقار علی بھٹی، آپریشن انچارج حسنین ظہور، تحصیل منیجر عمر مجتبیٰ لغاری، ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ سے ڈی جی ایم شاہزیب خان، ریجنل منیجر منصور ناگرہ، کوآرڈینیٹر عبداللہ عباسی، تحصیل منیجر مظہر منصور، ایڈمن راشد فرید اور پی آر او جواد اکبر سمیت دیگر اعلیٰ افسران، سماجی شخصیات اور فیلڈ ملازمین نے بھرپور شرکت کی۔

واک کے دوران شرکاء اور افسران نے شہریوں سے پرزور اپیل کی کہ وہ عیدالاضحیٰ کے مقدس ایام کے دوران صفائی کے سنہری اصولوں پر سختی سے عمل کریں۔ انتظامیہ کی جانب سے پیغام دیا گیا کہ شہری قربانی کی آلائشوں کو سڑکوں پر پھینکنے کے بجائے مقررہ کوڑا دانوں میں رکھیں یا ویسٹ مینجمنٹ کی ٹیموں کے حوالے کریں جو ہر گلی محلے سے خود آلائشیں جمع کریں گی۔ شرکاء نے زور دیا کہ “زیرو ویسٹ” کے اس مشن کو کامیاب بنانے کے لیے عوام انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دیں تاکہ ڈیرہ غازی خان کو ایک صاف، صحت مند اور خوبصورت شہر بنایا جا سکے۔