ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/سٹی رپورٹرجواد اکبر) ضلع ڈیرہ غازی خان میں پیشہ ور اور عادی گداگروں کے خلاف مؤثر اور مربوط کارروائی کا اصولی فیصلہ کرتے ہوئے ضلع اور تحصیل سطح پر خصوصی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں، جو انسداد گداگری مہم کو مزید تیز کریں گی۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں ضلعی کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد اسد چانڈیہ نے کی۔ اجلاس میں سوشل ویلفیئر، پولیس، چائلڈ پروٹیکشن یونٹ، ڈسٹرکٹ اٹارنی، این جی اوز اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی، جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر و سیکریٹری کمیٹی ذکاء الدین بزدار نے ایجنڈا کے نکات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد اسد چانڈیہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ عادی اور پیشہ ور گداگروں کے خلاف کارروائی کے دوران حکومت پنجاب کی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پیشہ ور گداگروں کو صرف وارننگ دینے کے بجائے ان کی گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی اور قانون کے مطابق باقاعدہ مقدمات درج کیے جائیں گے۔ انہوں نے سخت لہجے میں خبردار کیا کہ معصوم اور کمسن بچوں کو زبردستی بھیک مانگنے پر مجبور کرنے والے مافیا اور عناصر کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے تمام بچوں کو بازیاب کروا کر چائلڈ پروٹیکشن یونٹ اور دیگر فلاحی اداروں کی تحویل میں دیا جائے گا، جہاں انہیں تعلیم و تربیت کے بہترین مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ مستقبل میں معاشرے کے باوقار اور فعال شہری بن سکیں۔ اجلاس کے آخر میں ضلعی انتظامیہ نے عام شہریوں سے بھی پرزور اپیل کی ہے کہ وہ پیشہ ور گداگروں کی مالی حوصلہ شکنی کریں اور ایسے عناصر کی نشاندہی فوری طور پر متعلقہ اداروں کو کریں تاکہ اس معاشرتی برائی کے جڑ سے خاتمے میں اجتماعی اور عوامی کردار ادا کیا جا سکے۔
