ڈی جی خان: کرائم میٹنگ میں جرائم کی صورتحال کا جائزہ، اشتہاریوں کی گرفتاری اور سرچ آپریشنز تیز کرنے کی ہدایت

ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ڈیرہ غازی خان کی زیرِ صدارت ضلع بھر میں جرائم کی مجموعی صورتحال کا جامع جائزہ لینے کے لیے ایک اہم کرائم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اس اہم اجلاس میں ضلع بھر کے تمام ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی اور اپنے اپنے علاقوں میں امن و امان کی صورتحال، جرائم کی نوعیت اور پولیس کی جاری کارروائیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ میٹنگ کے دوران سنگین جرائم، اسٹریٹ کرائم، منشیات فروشی، اشتہاری و عدالتی مفرور ملزموں کی گرفتاری اور زیرِ تفتیش مقدمات کی پیش رفت کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔

ڈی پی او نے افسران کو زیرِ التواء چالانوں کی بروقت تکمیل، تفتیشی معیار کی بہتری اور شواہد کو قانونی تقاضوں کے مطابق مضبوط بنانے پر خصوصی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے زور دیا کہ جرائم کی مؤثر روک تھام کے لیے سرچ، کومبنگ اور انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کو مزید فعال اور مربوط بنایا جائے۔ اس کے ساتھ ہی عوامی شکایات کے فوری ازالے، تھانہ سطح پر سروس ڈیلیوری کی بہتری اور عام شہریوں کے ساتھ پولیس رویے میں پیشہ ورانہ معیار قائم رکھنے کی سخت ہدایت بھی کی گئی۔

آخر میں ڈی پی او ڈیرہ غازی خان نے تمام افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں پائیدار امن کا قیام اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، جس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی جاری رہے گی۔ ڈی پی او نے تمام ایس ایچ اوز کو خصوصی طور پر ہدایت کی کہ عیدالاضحیٰ کی آمد کے پیش نظر ضلع بھر میں قائم ہونے والی مویشی منڈیوں میں سیکیورٹی اور گشت کے انتظامات کو پہلے سے کہیں زیادہ بہتر اور فول پروف بنایا جائے تاکہ بیوپاریوں اور خریداروں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے