ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/سٹی رپورٹرجواد اکبر) ضلع ڈیرہ غازی خان میں عید الاضحیٰ کے مذہبی تہوار کے موقع پر مثالی صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کو ہر صورت یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ مکمل طور پر متحرک ہو گئی ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے ایک اہم جائزہ اجلاس طلب کرتے ہوئے تمام متعلقہ سرکاری محکموں اور بلدیاتی اداروں کو ان کی الگ الگ ذمہ داریاں تفویض کر دی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے اجلاس کے دوران سخت ہدایت کی کہ عید کے ایام میں قربانی کے جانوروں کی آلائشوں اور دیگر باقیات کی بروقت تلفی کو سو فیصد یقینی بنایا جائے، جبکہ عید گاہوں، جامع مساجد اور امام بارگاہوں کے اردگرد صفائی کے خصوصی اور غیر معمولی انتظامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ آلائشیں محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لیے شہریوں میں گھر گھر بائیو ڈیگریڈیبل بیگز تقسیم کیے جائیں اور عوامی رہنمائی و شکایات کے ازالے کے لیے شہر کے مختلف اہم مقامات پر خصوصی کیمپس بھی لگائے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، ستھرا پنجاب پروگرام، میونسپل کارپوریشن، میونسپل کمیٹیز اور دیگر تمام متعلقہ محکمے عید کے دوران فیلڈ میں متحرک رہیں گے اور ایک مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں گے تاکہ شہریوں کو عید کے ایام میں معیاری صفائی کی سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عید پر بغیر اجازت قربانی کے جانوروں کی کھالیں جمع کرنے یا زبردستی وصولی پر قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی، لہٰذا تمام فلاحی ادارے اور مذہبی تنظیمیں کھالیں جمع کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ سے پیشگی تحریری اجازت نامہ حاصل کرنے کی پابند ہوں گی۔ اجلاس میں شریک تمام افسران نے عید پلان پر عملدرآمد کے لیے انتظامیہ سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔