ڈیرہ غازیخان (کیو این این ورلڈ) ڈیرہ غازیخان کے علاقے میراثی والا چوک، بلاک نمبر V اور W کے درمیانی روڈ پر قائم “دی لٹل سکالرز اسکول” کی چھت اچانک گرنے کے المناک واقعے میں 4 بچے جاں بحق جبکہ 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔ افسوسناک حادثے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا جبکہ بچوں کے والدین نے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈیرہ غازیخان پولیس، ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی اداروں کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی سرگرمیاں شروع کر دیں۔ ڈی پی او ڈیرہ غازیخان اور ایس پی انویسٹی گیشن بھی موقع پر موجود رہے اور خود امدادی آپریشن کی نگرانی کرتے رہے۔
ریسکیو اہلکاروں نے ملبہ ہٹا کر زخمی بچوں کو نکالا اور انہیں فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جبکہ امدادی کارروائیاں کئی گھنٹوں تک جاری رہیں۔

ذرائع کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے متعدد بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ واقعے کے بعد والدین اور شہریوں کی بڑی تعداد ہسپتالوں اور جائے حادثہ پر جمع ہوگئی، جہاں غم و غصے کی فضا دیکھنے میں آئی۔
بچوں کے والدین نے اسکول انتظامیہ کی غفلت کو حادثے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ دار افراد کو فوری گرفتار کیا جائے۔ شہریوں نے خستہ حال عمارتوں میں قائم تعلیمی اداروں کی جانچ پڑتال کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب میونسپل کارپوریشن کی مدعیت میں اسکول مالکان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کے مطابق امدادی آپریشن مکمل ہونے اور تحقیقات آگے بڑھنے کے بعد مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔
