معرکۂ حق: دشمن نے پاکستان کی دفاعی طاقت اور فیصلہ کن صلاحیت کا اعتراف کرلیا،

اسلام آباد (کیو این این ورلڈ)بھارت کے خلاف تاریخی معرکۂ حق کے ایک سال مکمل ہونے پر پاک افواج نے واضح اور دوٹوک پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معرکے میں دشمن نے پاکستان کی دفاعی قوت، تیاری اور فیصلہ کن صلاحیت کا عملی مشاہدہ کیا، اور آئندہ کسی بھی جارحیت یا مہم جوئی کا جواب پہلے سے کہیں زیادہ سخت، مؤثر اور بھرپور انداز میں دیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق معرکۂ حق پاکستان کی عسکری تاریخ میں ایک فیصلہ کن اور کامیاب باب کے طور پر یاد رکھا جائے گا، جس نے نہ صرف قومی اعتماد کو نئی تقویت دی بلکہ پاک فضائیہ کی جدید جنگی تیاریوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھی عالمی سطح پر اجاگر کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ معرکۂ حق کے دوران پاک افواج نے اعلیٰ درجے کی پیشہ ورانہ مہارت، درستگی اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے ثابت کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتا۔ دشمن نے اس دوران پاکستان کی قوت، فوری ردعمل اور فیصلہ کن صلاحیت کا بھرپور انداز میں مشاہدہ کیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فضائیہ جدید ٹیکنالوجی، ملٹی ڈومین آپریشنز اور جدید جنگی حکمت عملیوں کے ذریعے مستقبل کی فضائی قوت کے طور پر ابھر رہی ہے۔ معرکۂ حق کے دوران کیے گئے آپریشنز فضائی جنگ کی تاریخ میں منفرد اور اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر تھے۔

اعلامیے کے مطابق کسی بھی جارحیت کا جواب آئندہ پہلے سے زیادہ طاقت، درستگی اور عزم کے ساتھ دیا جائے گا، اور دشمن کو ہر مہم جوئی کا سخت اور فیصلہ کن جواب ملے گا۔ پاک افواج ہر ممکن خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار اور مستعد ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور اس کی مسلح افواج ذمہ دارانہ اور پختہ اسٹریٹجک سوچ رکھتی ہیں۔ پاک افواج کی تمام صلاحیتیں اور تیاریوں کا بنیادی مقصد خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کا فروغ ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کے لیے امن ہمیشہ عزت، وقار اور برابری کے اصولوں سے جڑا ہوا ہے۔ پاک افواج خطے کی بدلتی جیوپولیٹیکل صورتحال اور دشمن کی عسکری تیاریوں سے مکمل طور پر آگاہ ہیں اور جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت میں مسلسل سرمایہ کاری جاری رکھے ہوئے ہیں۔

پاک فضائیہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ اس نے پاکستان کی فضائی حدود کے تاریخی دفاع میں کلیدی کردار ادا کیا، اور اس کی جرات، تیاری اور بروقت کارروائی عسکری تاریخ کا روشن باب بن چکی ہے۔ پاک فضائیہ نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا کر قومی سلامتی کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ اپنی جدید جنگی صلاحیت، پیشہ ورانہ برتری اور غیر متزلزل عزم کے باعث دنیا کی نمایاں فضائی قوتوں میں شامل ہے اور ہمیشہ اس عظیم قوم کے لیے فخر، طاقت اور اعتماد کی علامت بنی رہے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے