میرے چمن کے رکھوالے
ڈیڑھ لاکھ جہازوں کو ایندھن کہاں سے میسر ہے ؟
تحریر: حاجی محمد سعید گندی
جہازوں کا بدلتا راستہ معاشرے کی خاموشی اور ہماری اجتماعی بے حسی
کبھی ڈیرہ غازی خان شہر میں جہاز صرف آسمان پر اڑتے دکھائی دیتے تھے، مگر وقت کے ساتھ حالات نے ایسی کروٹ بدلی کہ نشے کے عادی افراد کی تعداد بڑھتی گئی۔ شہر کی گلیاں، محلے، کالونیاں اور نہروں کے پلوں کے نیچے ایسے مناظر دکھائی دینے لگے جہاں نشے کے عادی افراد اپنی زندگیوں کو تباہ کرتے نظر آئےـ
پاکستان ادارہ شماریات (PBS) کی ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری 2023 کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ضلع ڈیرہ غازی خان کی آبادی تقریباً 23 لاکھ 48 ہزار بنتی ہےـ
اگر اس میں تونسہ شامل کردیاجائے تو 33 لاکھ افراد سے زائد بنتی ھے جوکہ مردم شماری 2023 کی سرکاری ضلعی رپورٹس میں درج ہیں
قومی سروے کے تناسب سے اندازہ اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم (UNODC) اور حالیہ طبی تحقیقی رپورٹس کے مطابق پاکستان کی بالغ آبادی کا تقریباً 6 سے 8 فیصد حصہ کسی نہ کسی قسم کے نشے یا منشیات (بشمول چرس، افیون، ہیروئن، آئس اور نشہ آور ادویات) کے استعمال میں مبتلا ہے۔ اگر اسی قومی اوسط کا اطلاق ضلع ڈیرہ غازی خان کی تقریباً 18 لاکھ بالغ آبادی پر کیا جائے، تو ضلع میں نشہ کرنے والے افراد کی تعداد تخمینی طور پر ایک لاکھ سے ڈیڑھ لاکھ کے درمیان ہو سکتی ہے جوکہ اندازہ ہے مگر تعداد کہی اس سے زیادہ بھی ہوسکتی ہےـ
افسوس اب یہ مسئلہ صرف شہر کی حدود تک محدود نہیں رہا بلکہ دیہات، قصبوں اور مضافاتی علاقوں تک بھی پھیلتا دکھائی دے رہا ہے وہ بستیاں جہاں کبھی سکون، خاندانی روایات اور معاشرتی اقدار کی پہچان ہوا کرتی تھی وہاں بھی نشے کے بڑھते ہوئے رجحان نے تشویش پیدا کر دی ہےـ
لیکن یہاں ایک سوال انتہائی اہم ہے:
آخر ان جہازوں کو ایندھن کون فراہم کر رہا ہے؟
یہ نشہ آور زہر گلی محلوں اور دیہات تک پہنچتا کیسے ہے؟
کون لوگ ہیں جو چند روپوں کی خاطر نوجوان نسل کا مستقبل داؤ پر لگا رہے ہیں؟
منشیات فروشوں کے خلاف مؤثر کارروائی کیوں نظر نہیں آتی؟ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری کہاں سے شروع ہوتی ہے اور کہاں ختم؟
یہ سوالات صرف پولیس یا انتظامیہ سے نہیں بلکہ پورے معاشرے سے ہیں۔
لیکن کیا یہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے؟
ہرگز نہیں!
والدین کہاں ہیں؟ بھائی کہاں ہیں؟ رشتہ دار اور خاندان کے بزرگ کیوں خاموش ہیں؟ اگر کسی گھر کا نوجوان نشے کی دلدل میں اتر رہا ہے تو کیا خاندان کا فرض نہیں کہ اسے سنبھالے، اس کی اصلاح کرے اور بروقت علاج کی طرف لے جائے؟
کبھی کبھی ہماری خاموشی بھی کسی بڑے نقصان کا سبب بن جاتی ہے۔ ہم اپنے گھروں میں مسائل کو چھپاتے رہتے ہیں، بدنامی کے خوف سے کسی کو کچھ بتاتے نہیں اور جب پانی سر سے گزر جاتا ہے تو ہاتھ ملتے رہ جاتے ہیں
یہ بھی سمجھنے کی ضرورت ہے کہ نشے کا عادی ہر شخص مجرم نہیں ہوتا، بہت سے افراد علاج اور توجہ کے مستحق ہوتے ہیں۔ اصل کارروائی ان لوگوں کے خلاف ہونی چاہیے جو منشیات کا کاروبار کرتے، نوجوانوں کو اس زہر کا عادی بناتے اور خاندانوں کے چراغ گل کرتے ہیں
آج ضرورت اس امر کی ہے کہ پولیس، ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت، تعلیمی ادارے، علمائے کرام اور معاشرے کے ذمہ دار افراد مل کر اس ناسور کے خلاف عملی جدوجہد کریں۔
منشیات فروشوں کی نشاندہی ہو، سپلائی چین کے خلاف کارروائی ہو، نشے کے عادی افراد کی بحالی اور علاج کے مراکز فعال کیے جائیں اور والدین بھی اپنی اولاد پر توجہ دیں
یاد رکھیے:
نشہ کسی ایک گھر کا مسئلہ نہیں، یہ پورے معاشرے کا مسئلہ ہےـ
آج اگر ہم نے خاموشی اختیار کیے رکھی تو کل اس آگ کی لپیٹ میں کسی کا بھی گھر آ سکتا ہےـ
ڈیرہ غازی خان کے باشعور شہریوں، والدین، نوجوانوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپیل ہے کہ اس مسئلے کو سنجیدگی سے لیا جائےـ
ہمیں اپنے شہر، اپنے دیہات اور اپنی آنے والی نسلوں کو اس زہر سے بچانا ہےـ
آخر میں صرف ایک سوال:
کیا ہم اپنی نوجوان نسل کو منشیات فروشوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیں گے یا سب مل کر اس تباہی کے خلاف آواز بلند کریں گے؟