سکرنڈ کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ، معیار اور بروقت تکمیل پر زور

شہید بینظیر آباد (کیو این این ورلڈ/راجا نور محمد جتوئی)ڈپٹی کمشنر شہید بینظیر آباد عبدالصمد نظامانی اور رکن سندھ اسمبلی غلام قادر چانڈیو نے ریجنل ڈائریکٹر اسپیشل ایجوکیشن نثار احمد بروہی کے ہمراہ سکرنڈ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اسپیشل ایجوکیشن اینڈ ری ہیبلیٹیشن سینٹر کی زیر تعمیر عمارت، پبلک لائبریری اور پارک سمیت مختلف جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔

دورے کے دوران متعلقہ محکموں کے افسران نے منصوبوں کی پیش رفت، تعمیراتی معیار اور اب تک مکمل ہونے والے کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ افسران نے منصوبوں کی تکمیل کے مختلف مراحل، دستیاب سہولیات اور آئندہ کے لائحہ عمل سے بھی آگاہ کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عبدالصمد نظامانی نے تعمیراتی کام کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام منصوبے مقررہ مدت میں اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود سے متعلق منصوبوں میں کسی قسم کی غفلت، سستی یا ناقص تعمیراتی کام ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کا بنیادی مقصد عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی ہے، لہٰذا متعلقہ افسران تعمیراتی معیار اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنائیں۔

رکن سندھ اسمبلی غلام قادر چانڈیو نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ عوام کو جدید تعلیمی، سماجی اور تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسپیشل ایجوکیشن اینڈ ری ہیبلیٹیشن سینٹر خصوصی افراد کی تعلیم، تربیت اور بحالی میں اہم کردار ادا کرے گا اور انہیں بہتر مواقع فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جدید سہولیات سے آراستہ پبلک لائبریری نوجوانوں میں مطالعے کے فروغ اور علمی سرگرمیوں کے لیے ایک اہم مرکز ثابت ہوگی، جبکہ پارک کی تعمیر سے شہریوں، خصوصاً بچوں اور نوجوانوں کو صحت مند تفریحی ماحول میسر آئے گا۔

ڈپٹی کمشنر عبدالصمد نظامانی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور تعمیراتی معیار پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ عوام جلد از جلد ان سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔

دورے کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سکرنڈ رمیز راجہ، پرنسپل اسپیشل ایجوکیشن سینٹر عبدالرحیم ٹانوری، سینئر نائب صدر شہری اتحاد سکرنڈ حیدر خانزادہ، آفس سیکریٹری سجاد حسین بھٹی اور دیگر متعلقہ افسران و شخصیات بھی موجود تھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے