سیالکوٹ میں روڈ سیفٹی اور محفوظ ڈرائیونگ سے متعلق تربیتی سیشن

سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/ڈسٹرکٹ رپورٹر حسنین راجہ)نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی جانب سے ریسکیو 1122 کے افسران اور اہلکاروں میں ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے لیے سنٹرل ریسکیو اسٹیشن کچہری روڈ سیالکوٹ میں خصوصی ٹریفک آگاہی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔

ورکشاپ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس امداد اللہ شاہد کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں منعقد کی گئی، جس میں ریسکیو 1122 کے افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء کو ٹریفک قوانین، روڈ سیفٹی، موٹر سائیکل محفوظ انداز میں چلانے، ہیلمٹ کے لازمی استعمال، لین ڈسپلن، رفتار کی پابندی، ٹریفک اشاروں کی اہمیت اور دورانِ ڈرائیونگ احتیاطی تدابیر کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔

ورکشاپ کے دوران ہائی ویز اور موٹرویز پر سفر کے دوران پیش آنے والے ممکنہ خطرات، حادثات سے بچاؤ کے طریقوں اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے اصولوں پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی نہ صرف انفرادی بلکہ اجتماعی سلامتی کے لیے بھی ناگزیر ہے۔

اس موقع پر انسپکٹر شہباز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد ہی سڑکوں پر ہونے والے حادثات کی روک تھام اور قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ محفوظ سفر کے لیے تمام شہریوں کو ٹریفک قواعد و ضوابط کی پابندی کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے کہا کہ ایک محفوظ اور مہذب معاشرے کے قیام کے لیے ٹریفک قوانین پر عمل کرنا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ روڈ سیفٹی سے متعلق شعور اجاگر کرکے حادثات کی شرح میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے، جبکہ ریسکیو اہلکار اس آگاہی کو عام شہریوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ خود بھی ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریں گے اور عوام میں محفوظ ڈرائیونگ، روڈ سیفٹی اور ٹریفک شعور کو فروغ دینے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے