عالمی منڈی میں مسلسل اضافے کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد برینٹ خام تیل اور امریکی خام تیل کی قیمتیں نیچے آگئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت میں 1.29 ڈالر فی بیرل کمی ہوئی، جس کے بعد برینٹ کی قیمت 87.69 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت بھی 1.30 ڈالر فی بیرل کم ہوکر 81.97 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔
رپورٹس کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کی بنیادی وجہ 2026 کے دوران عالمی سطح پر تیل کی طلب کے تخمینوں میں کمی کو قرار دیا جارہا ہے۔ پیش گوئی کرنے والوں کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ کے نتیجے میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں اور عالمی معاشی سرگرمیوں پر پڑنے والے ممکنہ اثرات نے تیل کی طلب کے اندازوں کو متاثر کیا ہے۔
دوسری جانب تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک نے بدھ کو جاری کی گئی اپنی ماہانہ آئل مارکیٹ رپورٹ میں 2026 کے لیے عالمی تیل کی طلب میں اضافے کی پیشگوئی مزید کم کردی ہے۔ اوپیک کے مطابق عالمی سطح پر تیل کی طلب میں اضافے کا تخمینہ کم کرکے 5 لاکھ 80 ہزار بیرل یومیہ کردیا گیا ہے۔
عالمی طلب میں متوقع کمی کے باعث مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں پر دباؤ بڑھا ہے، جبکہ سرمایہ کار عالمی معیشت، جغرافیائی سیاسی صورتحال اور مستقبل میں توانائی کی طلب کے رجحانات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ خام تیل کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ کا انحصار عالمی طلب، رسد، جنگی صورتحال اور بڑے تیل پیدا کرنے والے ممالک کی پالیسیوں پر ہوگا۔