سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ / بیورو چیف مدثر رتو) ناران کی سیر کے لیے جانے والے سیالکوٹ کے ایک ہی خاندان کا خوشیوں بھرا سفر المناک حادثے میں تبدیل ہو گیا۔ بالاکوٹ کے قریب شدید بارش اور پھسلن کے باعث گاڑی بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت چار افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔ امدادی کارکنوں نے کھائی میں گرنے والی گاڑی تک رسائی حاصل کرکے جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمی شخص کو نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا۔
اسپتال میں ضروری قانونی کارروائی اور طبی معائنے کے بعد جاں بحق افراد کی میتیں ان کے آبائی شہر سیالکوٹ روانہ کر دی گئیں، جہاں حادثے کی اطلاع ملتے ہی گھروں میں کہرام مچ گیا اور فضا سوگوار ہو گئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ مسلسل بارشوں کے باعث سڑک پر پیدا ہونے والی پھسلن کے نتیجے میں پیش آیا، جس سے گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گئی۔ تاہم متعلقہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور حادثے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
مقامی افراد نے سیاحتی علاقوں کی شاہراہوں پر حفاظتی اقدامات مزید مؤثر بنانے اور بارشوں کے دوران مسافروں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔