گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ / بیورو چیف محمد رمضان نوشاہی) گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں پولیس نے پانچ الگ الگ مقابلوں اور کارروائیوں کے دوران ایک ملزم کو ہلاک جبکہ چار ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار اور ہلاک ہونے والے ملزمان مختلف سنگین جرائم، راہزنی، موٹر سائیکل چوری، اقدام قتل اور دیگر مقدمات میں مطلوب تھے۔
ترجمان ضلعی پولیس کے مطابق تھانہ لدھیوالہ وڑائچ کے علاقے میں پولیس ناکے پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر ممتاز نامی ملزم ہلاک ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ملزم اپنی بیٹی کو اسلحہ کے زور پر متعدد بار جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے مقدمے میں نامزد اور پولیس کو مطلوب تھا۔ ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول بھی برآمد کر لیا گیا، جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
واقعے کا سی پی او گوجرانوالہ ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ڈویژنل ایس پیز سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
دوسری جانب تھانہ گکھڑ منڈی پولیس نے راہزنی اور موٹر سائیکل چوری کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم فیضان کو پولیس ناکے پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ پولیس نے اس کے قبضے سے ناجائز اسلحہ اور چوری شدہ موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی۔
تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس نے چوری اور موٹر سائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ریکارڈ یافتہ ملزم عمر فاروق کو پولیس ریڈ کے دوران فرار ہوتے ہوئے زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جبکہ اس کے قبضے سے چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔
اسی طرح تھانہ صدر کامونکی پولیس نے موٹر سائیکل چوری کے مقدمات میں مطلوب ملزم مظفر کو ناکے سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جبکہ اس کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
ادھر تھانہ علی پور چٹھہ پولیس نے اقدام قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم اسد اقبال کو پولیس چھاپے کے دوران فرار ہوتے ہوئے زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے 12 بور رپیٹر بھی برآمد ہوئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایس ڈی پی اوز کی نگرانی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ شہر بھر میں ناکہ بندی اور سرچ آپریشن جاری ہے۔
سی پی او گوجرانوالہ ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے کہا ہے کہ پرامن اور محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور قانون شکن عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔