بہاولپور میں کمسن طالب علم کی ہلاکت، جسم پر تشدد کے نشانات، تحقیقات شروع

بہاولپور (کیو این این ورلڈ/حبیب خان کی رپورٹ): تھانہ مسافر خانہ کی حدود میں 12 سالہ طالب علم مدرسے میں تشدد کے نتیجے میں جاں بحق ہوگیا۔ بچے کے جسم پر تشدد کے واضح نشانات پائے گئے ہیں، جس پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولپور رانا عبدالوہاب نے فوری نوٹس لیتے ہوئے پولیس ٹیموں کو موقع پر روانہ کر دیا اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔

پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متوفی بچے کی نعش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا ہے تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے۔

ڈی پی او بہاولپور رانا عبدالوہاب کی ہدایت پر مدرسے کے قاری سمیت تین افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور ان سے تفتیش جاری ہے۔

ڈی پی او بہاولپور نے کہا ہے کہ واقعے کی شفاف، غیر جانبدار اور میرٹ پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ کسی بھی پہلو کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا اور تمام حقائق سامنے لاتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پولیس ترجمان نعیم اختر کے مطابق تحقیقات جاری ہیں جبکہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور دیگر شواہد کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے