اوکاڑہ (بیورو چیف ملک ظفر) (کیو این این ورلڈ): ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ضلع بھر میں مختلف تجارتی اور صنعتی کاروباری مراکز کے کنورژن کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے قوانین کے مطابق تمام قانونی تقاضے پورے کرنے والے متعدد منصوبوں کی منظوری دے دی، جبکہ نامکمل دستاویزات کی بنا پر بعض کیسز کو مزید جانچ پڑتال کے لیے موخر کر دیا گیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ ضلع کی پائیدار ترقی اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے حکومتی ہدایات پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ قانونی پلاٹنگ اور بغیر منظوری کے تعمیر ہونے والی تجارتی عمارتوں کے خلاف سخت اور بلا امتیاز کریک ڈاؤن کیا جائے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ کسی بھی نئے منصوبے کو این او سی جاری کرنے سے قبل موقع کا معائنہ لازمی بنایا جائے۔ کمرشل اور رہائشی عمارتوں کے نقشہ جات کی منظوری کے عمل میں مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی قسم کی غیر قانونی تعمیرات کی اجازت نہ دی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نئے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیتے وقت پارکنگ کی مناسب جگہ، ماحولیاتی تحفظ کے تقاضوں کے تحت شجرکاری اور نکاسی آب کے مؤثر نظام کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا جائے تاکہ مستقبل میں شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔