اوکاڑہ (بیورو چیف ملک ظفر)): 44/3-R ملٹری فارم شادی پور کی آبادی منیر جٹ میں بجلی کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے میزبان چوہدری طارق جٹ اور چوہدری شہزاد جٹ تھے جبکہ مہمانِ خصوصی کرنل (ر) مظہر تیمور تھے۔
اس موقع پر واپڈا کوآرڈینیٹر حلقہ این اے 136 ملک خالد یعقوب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل ان کا مشن ہے اور وہ علاقے کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی، سڑکوں اور دیگر عوامی سہولیات کی فراہمی حکومت اور عوامی نمائندوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور اس سلسلے میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
تقریب کے دوران اہل علاقہ نے ملک خالد یعقوب کی خصوصی کاوشوں، انتھک محنت اور عوامی خدمت کے جذبے کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ ملک خالد یعقوب نے حلقہ این اے 136 میں بجلی کے مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں نمایاں کردار ادا کیا ہے جس کے مثبت اثرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔
اہل علاقہ نے چوہدری ریاض الحق جج، ایم این اے حلقہ این اے 136 اوکاڑہ کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی سرپرستی اور تعاون سے علاقے میں ترقیاتی منصوبے پایۂ تکمیل تک پہنچ رہے ہیں۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ علاقے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ایسے اقدامات کی حمایت جاری رکھیں گے۔
تقریب کے اختتام پر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا گیا اور علاقے کی ترقی، خوشحالی اور ملک پاکستان کی سلامتی کے لیے دعا بھی کی گئی۔