باڑہ پریس کلب میں ورلڈ پولیو ڈے کی مناسبت سے آگاہی نشست

خیبر (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار نورحلیم آفریدی)ہر سال 24 اکتوبر کو ورلڈ پولیو ڈے منایا جاتا ہے تاکہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے عوامی آگاہی بڑھائی جائے اور بچوں کو اس خطرناک مرض سے محفوظ رکھنے کی اجتماعی کوششوں کو اجاگر کیا جائے۔

اسی سلسلے میں ضلع خیبر کے باڑہ پریس کلب میں پولیو بوسٹر ڈوز مہم اور ورلڈ پولیو ڈے کی اہمیت کے حوالے سے ایک اہم آگاہی نشست کا انعقاد کیا گیا۔نشست میں ضلع خیبر کے کمیونیکیشن آفیسر گل نذیر اور ضلع تورغر کے کمیونیکیشن آفیسر ملک عرفان نے پولیو بوسٹر ڈوز مہم کے مقاصد، طریقہ کار اور اہمیت کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔

انہوں نے بتایا کہ پولیو ایک ایسا موذی مرض ہے جو بچوں کو مستقل معذوری کا شکار بنا سکتا ہے، لیکن بروقت ویکسینیشن کے ذریعے اسے مکمل طور پر روکا جا سکتا ہے۔اس موقع پر صدر باڑہ پریس کلب کامران، صدر باڑہ تاجر یونین معراج آفریدی اور پریس کلب کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔

شرکاء نے پولیو بوسٹر ڈوز مہم کی بھرپور حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوامی آگاہی مہم میں مکمل تعاون کریں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ والدین اپنے بچوں کو ویکسین لگوانے کے لیے آمادہ ہوں۔

چھ روزہ پولیو بوسٹر ڈوز مہم 26 اکتوبر سے 31 اکتوبر 2026 تک ضلع خیبر کی 30 یونین کونسلز میں جاری رہے گی۔ مہم کے دوران چار ماہ سے پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو بوسٹر ڈوز دی جائے گی جبکہ پانچ سے دس سال تک کے بچوں کو بوسٹر ڈوز کے ساتھ پولیو سے بچاؤ کے قطرے بھی پلائے جائیں گے۔

محکمہ صحت نے مہم کے تحت دو لاکھ سولہ ہزار سے زائد بچوں کی کوریج کا ہدف مقرر کیا ہے، جبکہ سکول جانے والے 66,974 بچوں کو خاص طور پر پولیو بوسٹر ڈوز دیے جانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

والدین سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ محکمہ صحت کی ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں، اپنے گھروں کے دروازے کھلے رکھیں اور اپنے بچوں کو پولیو سے محفوظ بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔ پولیو کے خاتمے کے لیے صرف ویکسینیشن ہی سب سے مؤثر ہتھیار ہے، اس لیے تمام والدین کا فرض ہے کہ وہ اپنے بچوں کو بروقت ویکسین لگوائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے