گوجرہ(کیو این این ورلڈ/نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوجرہ میں 8 مئی انٹرنیشنل تھیلیسیمیا ڈے کے سلسلے میں آگاہی سیمینار اور واک کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت اے ایم ایس ڈاکٹر شہزاد عامر نے کی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب تھیلیسیمیا اینڈ ادر جنیٹک ڈس آرڈرز پریوینشن اینڈ ریسرچ انسٹیٹیوٹ (PTGD) کے ڈسٹرکٹ فیلڈ آفیسر محمد فیصل نے تھیلیسیمیا سے بچاؤ، بروقت تشخیص اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کے تحت پنجاب بھر میں تھیلیسیمیا اور دیگر موروثی بیماریوں کی روک تھام اور خاتمے کیلئے مختلف سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ادارے میں جینیاتی مشاورت، شادی سے قبل تھیلیسیمیا ٹیسٹ، فیملی اسکریننگ، تشخیص قبل از پیدائش اور جدید ڈی این اے لیب جیسی سہولیات دستیاب ہیں، جن کا مقصد بیماری کی بروقت تشخیص اور اس کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔
بعد ازاں ہسپتال میں تھیلیسیمیا سے آگاہی کیلئے واک بھی منعقد کی گئی۔ واک اور سیمینار میں ہسپتال کے ڈاکٹرز، لیڈی ڈاکٹرز، ڈسٹرکٹ مینیجر انفیکشن کنٹرول پروگرام محمد وسیم سمیت طبی عملے کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے عوام میں تھیلیسیمیا سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔