اٹک (کیو این این ورلڈ/ ڈاکٹر شجاع اختر اعوان کی رپورٹ ) چھٹے اٹک کتاب میلے کا انعقاد بھرپور جوش و خروش اور علمی و ادبی ماحول میں کیا گیا، جہاں تقریباً 100 بک اسٹالز سجائے گئے۔ لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور دیگر شہروں سے پبلشرز، کتب فروشوں، مصنفین اور کتاب دوست شخصیات نے شرکت کی، جبکہ جماعت اسلامی اور مختلف مذہبی تنظیموں کی جانب سے بھی بک اسٹالز قائم کیے گئے۔
کتاب میلے کا افتتاح رکن قومی اسمبلی شیخ آفتاب احمد نے ڈپٹی کمشنر اٹک مدثر احمد شاہ کے ہمراہ کیا۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی اٹک مہر غلام عباس ہرل، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سردار آفتاب خان، صدر اکیڈمی ادبیات (کمبل پور اٹک) ثاقب شاہ زیب ایڈووکیٹ، بانی اکیڈمی ادبیات سید مونس رضا، بیگم مسرت رانا، اراکین انتظامی کمیٹی اور اہلِ قلم کی بڑی تعداد موجود تھی۔ معروف ادیبوں اور شاعروں میں پروفیسر سید نصرت بخاری، طاہر اسیر، راجہ زاہد حسین اور ثقلین انجم سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پر شیخ آفتاب احمد نے کتاب میلے کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے منتظمین ثاقب شاہ زیب ایڈووکیٹ، پروفیسر سید نصرت بخاری، طاہر اسیر اور راجہ زاہد حسین کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے اپنی تصنیف ’’پارلیمنٹ سے اٹک قلعہ تک‘‘ ڈپٹی کمشنر مدثر احمد شاہ، ڈاکٹر قاضی امجد حسین کاظمی سیفی، ڈاکٹر شجاع اختر اعوان سمیت دیگر شخصیات کو پیش کی۔
اکیڈمی ادبیات کے سیکرٹری مطبوعات ڈاکٹر شجاع اختر اعوان نے اپنی کتاب ’’سبھی عنوان میرے‘‘ ڈپٹی کمشنر مدثر احمد شاہ کو پیش کی، جبکہ معروف سیاسی و سماجی شخصیت ملک نہید خان لارنس پور کو بھی کتاب بطور تحفہ دی۔ اسی طرح کتاب دوست شخصیت راجہ نور محمد نظامی نے ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی مہر غلام عباس ہرل کو کتب پیش کیں۔

کتاب میلے کے دوران نورانی باجی اور شاعر ملک امجد اقبال نے ڈاکٹر شجاع اختر اعوان کو اپنی کتابیں تحفتاً پیش کیں۔ ملک امجد اقبال نے اپنا شعری مجموعہ ’’بھیگتے لمحے‘‘ بھی پیش کیا۔ کتابوں کے تبادلے اور تحائف کے ذریعے اہلِ علم و ادب کے درمیان محبت اور باہمی تعلق کا خوبصورت اظہار دیکھنے میں آیا۔
میلے میں متعدد بک اسٹالز خصوصی توجہ کا مرکز بنے۔ طاہر اسیر کے اسٹال پر ان کی حال ہی میں شائع ہونے والی کتاب ’’اٹھ بہشتی‘‘ قارئین کی دلچسپی کا باعث بنی، جبکہ نورانی باجی کا اسٹال بھی نمایاں رہا۔ ڈاکٹر سید فیاض بخاری کے ’’گوشۂ لیہ‘‘ اور ڈاکٹر قاضی امجد حسین کاظمی کی کتب میں بھی لوگوں نے گہری دلچسپی لی۔ شیخ آفتاب احمد کی کتاب ’’پارلیمنٹ سے اٹک قلعہ تک‘‘ کے علاوہ آنسہ مظہر، ثقلین انجم اور آغا بخاری کی کتب بھی قارئین کی توجہ کا مرکز رہیں۔ جاوید فگار کے اسٹال پر پشتو ادب کی کتابیں نمایاں طور پر رکھی گئی تھیں، جنہیں شائقین نے پسند کیا۔

کتاب میلے میں ضلع اٹک کے مختلف علاقوں کے علاوہ حضرو، حسن ابدال، جنڈ، فتح جنگ اور دیگر علاقوں سے بھی اہلِ قلم، ادیبوں، شاعروں اور کتاب دوست افراد نے شرکت کی۔ سینئر صحافی ملک شاہد اعوان بھی خصوصی طور پر میلے میں شریک ہوئے۔ خواتین کی بڑی تعداد کے ساتھ کالجوں اور جامعات کے طلبہ و طالبات، پروفیسرز، اساتذہ اور عام شہریوں کی بھرپور آمد نے میلے کی رونق کو مزید بڑھا دیا۔
شرکا نے کتاب میلے کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو خراجِ تحسین پیش کیا اور بالخصوص چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اٹک سردار آفتاب خان کی خدمات اور تعاون کو سراہا۔ پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا، سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس اور یوٹیوبرز نے بھی میلے کی بھرپور کوریج کی۔

چھٹا اٹک کتاب میلہ محض کتابوں کی خرید و فروخت تک محدود نہیں رہا بلکہ اس نے اہلِ قلم، پبلشرز، طلبہ، اساتذہ اور قارئین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے علم و ادب سے محبت کے جذبے کو فروغ دیا۔ ایسے میلوں کا انعقاد معاشرے میں مطالعے کی عادت پروان چڑھانے، نئی نسل کو کتاب سے جوڑنے اور علمی و ادبی سرگرمیوں کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔