اپر باڑہ میں پانی کی قلت دور کرنے کے لیے محکمہ پبلک ہیلتھ متحرک، متعدد مقامات کا سروے

خیبر (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار نورحلیم آفریدی) محکمہ پبلک ہیلتھ خیبر کے ایس ڈی او اصغر حسین آفریدی نے انجینئرنگ ٹیم اور مقامی قومی مشران کے ہمراہ اپر باڑہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، جہاں پینے کے پانی کی فراہمی کے ممکنہ ذرائع، مجوزہ منصوبوں اور ان سے مستفید ہونے والی آبادی کا جائزہ لیا گیا۔

ٹیم نے قوم آکاخیل، قوم سپاہ اور برقمبر خیل کے علاقے جبار میلہ میں پانی کے ذرائع اور منصوبوں کی فزیبلٹی کا جائزہ لیا اور مقامی مشران و علاقہ مکینوں سے ضروری معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر انجینئر مختیار اللہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

دورے کے دوران قوم سپاہ میں نرے بابا دری گریوٹی، سندانہ درے بند گریوٹی اور ننگروسہ گریوٹی اسکیموں کا معائنہ کیا گیا۔ اس موقع پر قومی مشران حاجی جمر گل، ملک حاجی، حاجی محمد علی، حاجی الف شاہ، گل بہادر خان، حاجی سیدا گل اور خدمت خلق ویلفیئر سوسائٹی کے سینئر رہنما تراب علی خان بھی موجود تھے۔

مقامی مشران نے ایس ڈی او اور انجینئر کو بغداد خیل، لنڈی خیل، غیبی خیل اور سوران خیل کے رہائشیوں کو درپیش پینے کے پانی کی مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ان علاقوں کی خواتین، بچے اور بزرگ روزانہ خچروں اور اپنے سروں پر دور دراز مقامات سے پانی لانے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کیے گئے چشموں سے پانی کی فراہمی کے منصوبوں کی منظوری دینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ان اسکیموں کی تکمیل سے بڑی آبادی کو پانی کی مشکلات سے مستقل نجات مل سکتی ہے۔

قومی مشران نے سندانہ کے مقام پر محکمہ پبلک ہیلتھ کے اہلکاروں کو کنڈاو جماعت اور درے وانڈی کے علاقوں میں شمسی ٹیوب ویلز کی تنصیب کے ممکنہ مقامات کی بھی نشاندہی کی۔

اس موقع پر ایس ڈی او پبلک ہیلتھ اصغر حسین آفریدی نے کہا کہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ پسماندہ، دور دراز اور بنیادی سہولیات سے محروم علاقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں تاکہ وہاں کے عوام کو بھی بنیادی سہولیات میسر آ سکیں۔

انہوں نے مقامی مشران اور کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ سرکاری اسکیموں کی تکمیل میں متعلقہ محکموں سے تعاون کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری منصوبوں میں کسی بھی قسم کی غفلت، لاپرواہی یا ناقص میٹریل کے استعمال کی صورت میں محکمہ کو آگاہ کیا جا سکتا ہے۔

ایس ڈی او نے یقین دہانی کرائی کہ دورے کے دوران جن مقامات کا جائزہ لیا گیا ہے، وہاں مجوزہ اسکیمیں انتہائی قابلِ عمل ہیں اور ان کی منظوری کے لیے بھرپور کوشش کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے