بگٹی امن فورس کی جوابی کارروائی، 13 دہشت گرد مارے گئے، تین جوان زخمی

ڈیرہ بگٹی (کیو این این ورلڈ)بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے بیہہ لوٹی میں وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے دستِ راست اور چیئرمین ضلع کونسل ڈیرہ بگٹی وڈیرہ غلام نبی شمبھانی کے گھر پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا۔ بگٹی امن فورس کی جوابی فائرنگ کے دوران 13 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ فورس کا ایک رضاکار جاں بحق ہوا۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ شب شروع ہونے والا شدید فائرنگ کا تبادلہ علی الصبح تک جاری رہا۔ غلام نبی شمبھانی کے بھائی وڈیرہ ہدایت شمبھانی کی زیرِ نگرانی بگٹی امن فورس کے جوانوں نے دہشت گردوں کے حملے کا فوری جواب دیا اور ان کا مقابلہ کیا۔

طویل فائرنگ کے بعد دہشت گرد موقع سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے کہ بگٹی امن فورس کے جوانوں نے ان کا تعاقب کیا۔ تعاقب کے دوران 13 دہشت گرد مارے گئے۔

دہشت گردوں کی فائرنگ سے بگٹی امن فورس کا ایک رضاکار جاں بحق ہو گیا جبکہ تین جوان زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے ایئر ایمبولینس کے ذریعے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بگٹی امن فورس کے فوری اور بھرپور ردعمل کے باعث دہشت گردوں کا مبینہ بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے اور سرچ و تلاشی کا عمل جاری ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *